ناظم اعلی مرکزیہ کے تنظیمی دورہ جات 12-2019 - ھفت روزہ اھل حدیث

Breaking

Sunday, July 14, 2019

ناظم اعلی مرکزیہ کے تنظیمی دورہ جات 12-2019


ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریمd

کے تنظیمی دورہ جات (تیسری قسط)
۸۔ شہر اوکاڑہ:
کارکنان جماعت کتاب وسنت کی دعوت کو لے کر پورے معاشرہ میں برسر عمل ہو جائیں‘ ہماری دعوت کتاب وسنت پر مبنی پوری امت مسلمہ کے لیے اتفاق واتحاد اور یکجہتی کی دعوت ہے۔ ہمارا جینا اور مرنا صرف اللہ تعالیٰ کی کتاب کریم اور سنت نبوی کے لیے ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کی قیادت جناب پروفیسر ساجد میرd کی امارت میں اسی عظیم منہج کو لے کر میدان عمل میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریمd نے اوکاڑہ شہر میں جماعتی وتنظیمی دورے کے دوران ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ناظم اعلیٰ کے ساتھ پنجاب کے امیر جناب پروفیسر عبدالستار حامد اور مولانا عبدالرشید حجازی ناظم اعلیٰ پنجاب بھی تشریف لائے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث اوکاڑہ شہر کے امیر محمد طاہر شیخ‘ ناظم سٹی اوکاڑہ طارق محمود ودیگر اراکین کابینہ وشوریٰ اور اہل حدیث یوتھ فورس سٹی اوکاڑہ کے صدر مولانا اسامہ صدیقی اور جنرل سیکرٹری مولانا حافظ احمد فاروق‘ جمعیت اساتذہ ڈویژن ساہیوال کے صدر عبدالقیوم صابر‘ پرویز اختر مہار اور مولانا محمد اقبال نے مہمانان گرامی کا استقبال کیا۔ اگرچہ یہ پروگرام ہنگامی طور پر کیا گیا تھا اور اراکین شوریٰ جمعیت اہل حدیث اور اہل حدیث یوتھ فورس کو دعوت دی گئی تھی لیکن ناظم اعلیٰ صاحب کی آمد کی خبر سن کر لوگ جوق در جوق جمع ہو گئے اور یہ اجلاس ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اکاڑہ شہر کے امیر محمد طاہر شیخ نے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا اور اوکاڑہ شہر کی جماعت کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور کہا کہ جماعت اس وقت دعوت وتبلیغ اور فلاح کے میدان میں بہترین کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہمارے شہر میں جمعیت واہل حدیث یوتھ فورس اور جمعیۃ اساتذہ میں بہت زبردست تعاون اور کام کرنے کی باہمی فضا موجود ہے۔ جس کی وجہ سے لوگ جماعت اور اہل حدیث یوتھ فورس کے رکن بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے پاس تشریف لائے ہیں اللہ تعالیٰ آپ کا دین اور جماعت کے کام کے لیے نکلنا قبول فرمائے۔ ہم آپ کو اپنے مکمل تعاون اور اعتماد کا یقین دلاتے ہیں۔ امیر محترم پروفیسر ساجد میرd کی قیادت میں جماعت الحمد للہ ترقی اور کامیابی کی طرف گامزن ہے۔ پیغام ٹی وی کی کامیابی جماعت کا بہت بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایسی جماعت کے ساتھ شروع دن سے وابستہ ہیں جن کی پالیسیاں بڑی صاف اور واضح ہیں چونکہ جماعت کی پالیسیاں قرآن وسنت کی روشنی میں ترتیب پاتی ہیں اس لیے ہم کہتے ہیں کہ ہماری قیادت کی پالیسیوں میں نہ کوئی قلا بازی ہے اور نہ ہی یو ٹرن۔
تمام معزز مہمانوں کی ضیافت کا اہتمام تھا۔ محترم ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریمd کی دعائے خیر کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
۹۔ ضلع بہاولنگر:
۱۸ فروری ۲۰۱۹ء بروز پیر کو مرکزی جمعیت واہل حدیث یوتھ فورس ضلع بہاولنگر کے زیر اہتمام مرکزی قائدین کی ضیافت کا شرف حاصل ہوا۔ قیادت میں محترم المقام سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریمd ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان‘ پروفیسر حافظ عبدالستار حامد امیر پنجاب‘ مجاہد انتھک مولانا عبدالرشید حجازی ناظم اعلیٰ پنجاب تشریف لائے۔
فورٹ عباس شہر سے باہر ۷۷ موڑ پر قائدین کا بھر پور استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ کمیٹی میں ڈاکٹر پروفیسر عبدالرحمن شارق ناظم ضلع بہاولنگر‘ مولانا اخلاق احمد ظفر‘ مولانا امانت اللہ احمد‘ مولانا شفیق باجوہ‘ ابوطلحہ مجاہد صدر اہل حدیث یوتھ فورس ضلع بہاولنگر‘ قاری عثمان فاروقی‘ مطلوب احمد‘ مولانا وقاص سعید جنرل سیکرٹری اہل حدیث یوتھ فورس ضلع بہاولنگر‘ عقیل احمد‘ طالب الرحمن‘ مولانا عنایت اللہ ربانی کے ساتھ ساتھ دیگر مذہبی‘ سیاسی وسماجی رہنماؤں نے استقبال کیا۔
شہر بھر میں مختلف اہم شاہراؤں اور سائن بورڈز پر قیادت کے لیے استقبالیہ جملوں کی فلیکسز واشتہارات آویزاں تھے۔ اہل حدیث یوتھ فورس یونٹ نمبر ۱ کچھی والا کے نوجوانان نے بھر پور نعروں کی گونج میں قیادت کو مرکز دار السلام فورٹ عباس تک پہنچایا۔ مرکز کا ہال عوام سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ عوام قائدین کے منتظر تھے۔ عشاء کی نماز کے بعد مولانا اخلاق احمد ظفر نے اجلاس کی کارروائی کا آغاز کروایا۔ تلاوت قرآن پاک کے لیے قاری عثمان فاروقی کو مدعو کیا گیا۔ بعد از تلاوت ڈاکٹر عبدالرحمن شارق‘ ابوطلحہ مجاہد نے قائدین کی بہاولنگر آمد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میںسے اپنا قیمتی وقت نکالا۔ اس کے بعد الشیخ قاری عبدالحلیم‘ مولانا بلال نے اظہار خیال فرمایا۔سامعین معزز مہمان گرامی کی گفت وشنید سننے کے لیے بے تاب تھے۔
مولانا الرشید حجازی ناظم اعلیٰ پنجاب نے اپنے مخصوص انداز میں کارکنان کے جذبات کو گرمایا‘ ان کے بعد فضیلۃ الشیخ پروفیسر حافظ عبدالستار حامد امیر پنجاب نے اطاعت امیر اور نظم کی افادیت واہمیت پر مدلل گفتگو کی۔ ان کے بعد ہمت وحوصلے کے پیکر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم d نے تنظیمی‘ سیاسی‘ ملکی صورتحال اور جماعتی کردار کو نمایاں لفظوں میں بیان کیا۔ اجلاس کا اختتام بزرگ عالم دین مولانا عبدالقدوس کی دعا کے ساتھ ہوا۔ قائدین کے لیے جناب مصعب بن عبدالحلیم بلال کے ڈیرے پر پر تکلف عشائیہ کا انتظام تھا۔ عشائیہ میں تحصیل فورٹ عباس کے سرکاری منتظمین اور صحافی برادری شامل تھی۔ عشائیہ کے بعد کو پر خلوص دعاؤں سے قائدین کو الوداع کیا گیا۔


No comments:

Post a Comment