اخبار الجماعت 18-2019 - ھفت روزہ اھل حدیث

Breaking

Saturday, July 27, 2019

اخبار الجماعت 18-2019


اخبار الجماعت

پاکستان میں فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔ امیر محترم
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کی ہر کوشش ناکام دبنا دی جائے گی ۔ پاکستان کے علماء اور مذہبی جماعتیں متحد ہیں اوروہ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ برداشت نہیں کرسکتے ۔ کراچی کے دور ے سے واپسی پر مرکز اہل حدیث میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد ی کے واقعات قابل مذمت ہیں ۔ اسی طرح اورماڑہ میں ۱۴ پاکستانی فورسز کے جوانوںا ور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے افراد کاقتل عام بھی قابل مذمت ہے ۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ  اورماڑہ واقعہ میں ایرانی تنظیم کے ملوث ہونے کا معاملہ نہایت شرمناک اور افسوس ناک ہے ۔ شواہدبتاتے ہیں کہ بھارت اور ایران بلوچستان میں دہشت گردی کے ذمہ دارہیں۔ اور ماڑہ سانحہ کی ذمہ داری ایرانی تربیت یافتہ تنظیم بی آر آئی اے نے قبول کی ہے جس کے ٹریننگ،لاجسٹک کیمپ ایران کی سرحد کے پار واقع ہیں۔ اس واقعہ میں اسے بھارت کی معاونت بھی حاصل ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ایران کو اپنی سوچ اور طریقہ بدلنا ہو گا ۔مداخلت کی پالیسی ترک کرنا ہو گی۔ کوئی بھی پاکستانی اپنے ملک میں ایران سمیت کسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کرے گا ۔
نا اہل حکمران اور بے وقت کی بارشیں‘ اللہ کے غضب اور ناراضگی کی علامتیں ہیں: امیر محترم
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نا اہل حکمران اور بے وقت کی بارشیں اللہ کے غضب اور ناراضگی کی علامتیں ہیں ، امت استغفار اور اخلاص عمل کی راہ کو اپنا کر رحمت الٰہی حاصل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی رحمت اُس کے غضب پر غالب ہے جبکہ رحمت الٰہی انبیاء کرام سمیت تمام مومنین کی نجات کا باعث ہے ، اعمال صالحہ اللہ کی رحمت کو متوجہ کرنے کے لئے کئے جاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جامع مسجد باب السلام گجر چوک منظور کالونی کراچی میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔  پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان پر اللہ کی خاص رحمت ہے ، متعدد ناکام تجربات اور مقتدر قوتوں کی طالع آزمائی اور لوٹ کھسوٹ کے با وجود پاکستان قائم و دائم ہے اور تا ابد قائم رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزارتوں کے سربراہوں کی تبدیلی سے حکومت کی نا اہلی واضح ہوتی ہے جس وزیر خزانہ کی صلاحیتوں کو آئیڈیل دکھایا گیا وہ ہی احمق اور نا اہل ثابت ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نا اہلی نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے ، مہنگائی نے ہر شعبے کو بُری طرح متاثر کیا ہے ۔  دریں اثناء مرکزی جمعیت اہل حدیث سندھ کے سیکریٹری اطلاعات حافظ شاہان احمد کے مطابق پرفیسر ساجد میر نے ۲۰ اپریل شام ۴ بجے کراچی پریس کلب میں ’’ میٹ دی پریس ‘‘ سے خطاب کیا جبکہ بعد نماز مغرب جامعۃ السلام السلفیہ شاہ لطیف ٹائون میں ’’سالانہ تقریب بخاری ‘‘ میں درس بخاری بھی دیا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع سرگودھا کی سالانہ کارکردگی رپورٹ
31 جنوری 2018ء کو ضلعی قیادت مولانا سرفراز احمد (امیر ضلع) حافظ عبدالغفور (ناظم ضلع) اور چوہدری عبدالخالق (ناظم مالیات) نے مرکزی دفتر 106 راوی روڈ لاہور میں امیر محترم پروفیسر ساجد میر حفظہ اللہ سے ملاقات کی۔ 50 ہزار روپے فنڈ جمع کروایا اور جماعتی وتعمیر مساجد پر گفتگو کی۔
18 فروری بروز اتوار 106 راوی روڈ پر صوبہ پنجاب کا اجلاس ہوا۔ جس میں ضلع سرگودھا کی طرف سے بطور رکن مجلس عاملہ حافظ عبدالغفور نے شرکت کی۔
19 فروری بروز سوموار آل پاکستان کانفرنس کی تیاری کے سلسلہ میں ضلعی وشہری تنظیم کا مشترکہ اجلاس مرکز معاذ بن جبل بھاگٹانوالہ میں ہوا۔ جس میں مولانا محمد نعیم بٹ اور مولانا محمد یونس آزاد نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی اور کانفرنس کی تیاری کے سلسلہ میں مفید تجاویز دیں۔
26 مارچ کو مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل سرگودھا کے زیر اہتمام چک 126 جنوبی میں شاندار سالانہ کانفرنس منعقد ہوئی۔
31 مارچ بروز ہفتہ مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل ساہیوال کے زیر اہتمام بستی کلیار فاروقہ میں باقاعدہ درس حدیث میں تکمیل بخاری پر بارھویں سالانہ کانفرنس ہوئی جس میں امیر پنجاب پروفیسر مولانا عبدالستار حامد اور مولانا سید سبطین شاہ نقوی کے خصوصی خطابات ہوئے۔
7 اپریل کو تحصیل بھلوال میں جامع مسجد رحمانیہ بھیرہ میں شاندار تحفظ ختم نبوت اہل حدیث کانفرنس ہوئی۔ ضلعی قیادت سرگودھا کے تعاون سے امیر محترم پروفیسر ساجد میر کے ارشاد 106 راوی روڈ پر مورخہ 29 اپریل بروز اتوار میڈیکل کیمپ برائے معذورین لگایا گیا جس میں 130 مریضوں کا چیک اپ ہوا اور ان کو مفت ادویات بھی دی گئیں۔
8 و 9 مارچ کو کالا شاہ کاکو کیپیٹل سٹی لاہور میں زیر قیادت امیر محترم پروفیسر ساجد میر آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس منعقد ہوئی‘ اس میں ضلع سرگودھا کی طرف سے 15 بسوں کا قافلہ شریک ہوا۔
2 مئی بروز بدھ متحدہ مجلس عمل کا مرکزی اجلاس کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوا۔ مرکزی وپنجاب قیادت کے حکم کے مطابق امیر‘ ناظم وناظم مالیات نے شرکت کی۔
7 مئی کو متحدہ مجلس عمل کا ڈویژنل اجلاس 47 چک مرکز جماعت اسلامی میں ہوا۔ جس میں ضلعی قیادت امیر‘ ناظم وناظم مالیات نے شرکت کی۔
10 مئی جمعرات کو دوسرا سہ ماہی اجلاس مدرسہ السلفیہ پل 111 جنوبی میں ہوا جس میں مہمان خصوصی امیر پنجاب مولانا عبدالستار حامد تھے۔ انہوں نے ضلع سرگودھا کی کارکردگی کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا اور اپنے دست مبارک سے آل پاکستان کانفرنس میں سکیورٹی کارکنوں اور مدرسہ سے حفظ کرنے والے طلبہ کو اسناد دیں۔
مئی 2018ء میں ماہ رمضان میں تحصیل سطح پر شاندار افطار پروگرام کیے گئے۔
تبلیغی پروگرامز
12 ستمبر تا 23 ستمبر ضلع بھر میں 20 تبلیغی واصلاحی پروگرام ہوئے۔ 20 نومبر تا 3 دسمبر سیرت النبی پر 15 پروگرام ہوئے۔
13 اکتوبر کو مرکزی عیدگاہ سرگودھا میں مرکزی جمعیت واہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام آل پنجاب عظمت صحابہ وتحفظ ختم نبوت کانفرنس ہوئی جس میں امیر محترم پروفیسر ساجد میر اور مرکزی نائب امیر الشیخ علی محمد ابوتراب نے خطابات فرمائے۔ اس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع سرگودھا کی طرف سے تقریبا 60 بسوں کے ذریعے شرکت کی۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع سرگودھا کی طرف سے تحصیل سطح پر تحصیل قیادت کے تحت ہر تحصیل میں ایک شاندار کانفرنس ہوتی ہے۔ چنانچہ 25 اکتوبر کو تحصیل کوٹ مومن لکسیاں خلیل آباد میں کانفرنس ہوئی۔
امسال 11 نومبر بروز اتوار تحصیل سرگودھا چک 89 شمالی میں شاندار کانفرنس ہوئی۔
16 دسمبر بروز اتوار کتاب وسنت کانفرنس مدرسہ السلفیہ پل 111 جنوبی میں ایک بڑی کانفرنس ہوئی جسے ضلعی کانفرنس کا درجہ حاصل ہے۔
مدرسہ السلفیہ پل 111 جنوبی میں باقاعدہ پندرہ روزہ میڈیکل کیمپ برائے معذوراں لگایا جاتا ہے۔ ہر دفعہ 200 تا 250 مریضوں کا چیک اپ ہوتا ہے۔ مفت دوائیں دی جاتی ہیں۔ بیرونی حضرات کو ناشتہ اور دوپہر کا کھانا بھی دیا جاتا ہے اور یہ خدمت خلق تین سال سے جاری ہے۔
11 نومبر بروز اتوار ماڈل ٹاؤن سلانوالی میں فری آئی کیمپ لگایا گیا جو ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ اس میں 500 مریضوں کا چیک اپ ہوا۔ عینک اور ادویات مفت دی گئیں۔ اس کے اہتمام میں خصوصی کاوش مولانا سرفراز احمد کی تھی اور خصوصی تعاون جناب چوہدری عبدالخالق اور جناب ممتاز احمد کھرل کا تھا۔
مرکز 106 راوی روڈ کے لیے جو 50 ہزار باقی تھا وہ امیر ضلع مولانا سرفراز احمد نے دسمبر 2018ء میں جمع کرا دیا ہے۔
رپورٹ: حافظ عبدالغفور‘ ناظم ضلع سرگودھا
دعوتِ اہل حدیث کانفرنس (تھانہ بلوچنی جڑانوالہ)
مرکزی جمعیت واہل حدیث یوتھ فورس حلقہ تھانہ بلوچنی (تحصیل جڑانوالہ) اور تحصیل شاہ کوٹ کا مشترکہ پروگرام مورخہ 16 مارچ 2019ء ہفتہ بعد نماز مغرب ’’دعوت اہل حدیث کانفرنس‘‘ زیر امارت حکیم عرفان اللہ طاہر (ایم فل) ہوا جس میں مہمان خصوصی حافظ بابر فاروق رحیمی ناظم دفتر وخطیب مرکز 106 راوی روڈ لاہور اور خصوصی خطاب مولانا ناصر مدنی کا تھا۔ جبکہ علاقہ بھر کے مقامی علماء نے بھی خطابات کیے جن میں حافظ عمر سعید شاکر‘ قاری عبدالخالق ربانی اور حافظ سیف اللہ تھے۔
جامعہ سلفیہ میں حج تربیتی ورکشاپ
حج وحدت امت کا عظیم اجتماع ہوتا ہے لہٰذا پاکستانی حجاج اپنے ملک و قوم کی عزت و وقار کا خیال رکھیں اور سعودی تعلیمات و ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں حج تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا خدام الحرمین کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسجد نبوی کے سابق مدرس ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کہا کہ حج کی قبولیت سنت نبوی کے مطابق ادا کرنے میں ہے۔ حجاج صبر وتحمل اور اخلاق و ایثا ر کا مظاہرہ کرکے اپنے سفر کو کامیاب کرسکتے ہیں۔ خدام الحرمین کے سربراہ حافظ شفیق کاشف نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ نجی شعبے نے عازمین حج کی تربیت کا آغاز کر دیاہے جس سے سرکاری سکیم کے حجاج بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی پرائیویٹ حج سکیم کے تحت بہترین انتظامات کئے جارہے ہیں اور عازمین حج کی خدمت ہی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے حج و عمرہ کے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ شیخ الحدیث جامعہ سلفیہ مولانا محمد یونس بٹ نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ حج لوگوں اور پورے معاشرے میں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔ مفتی عبدالحنان زاہد نے بھی خطاب کیا اور لوگوں کے سوالات کے جوابات دئیے۔
جنرل سیکرٹری جمعیۃ اساتذہ تحصیل قصور کو صدمہ
مرکزی جمعیت اہل حدیث تحصیل قصور کے امیر مولانا حمید اللہ‘ خطیب جوڑا مولانا خلیل اللہ کی ہمشیرہ آٹھ اپریل ۲۰۱۹ء کو قضائے الٰہی سے وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون! نماز جنازہ مولانا حکیم رضاء اللہ طالب ناظم تحصیل قصور نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں امیر ضلع ماسٹر داؤد ارشد‘ ضلعی سیکرٹری جمعیۃ اساتذہ مولانا سیف اللہ طیب سمیت سیاسی‘ سماجی شخصیات اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ دریں اثناء ناظم ضلع قصور قاری محمد صدیق شاکر‘ سابق امیر ضلع مولانا محمد شفیع‘ سابق ناظم ضلع صاحبزادہ حافظ حسن محمود کمیر پوری‘ امیر تحصیل چونیاں مولانا بارک اللہ صمصام‘ ناظم تحصیل پتوکی محترم عبدالباری ذوق ودیگر نے امیر تحصیل قصور کے پاس جا کر تعزیت کی۔ اس موقعہ پر مرحومہ کے لیے بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔


No comments:

Post a Comment