طب وصحت، سکنجبین 27-2019 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Sunday, July 14, 2019

طب وصحت، سکنجبین 27-2019


طب وصحت ... سکنجبین

تحریر: جناب حکیم حارث نسیم سوہدروی
موسم گرما میں جھلسا دینے والی گرمی بڑی تکلیف دہ ہوتی ہے۔ اس گرمی میں پیاس بڑھ جاتی ہے۔ کیونکہ جسم سے پانی بذریعہ پسینہ خارج ہوتا ہے۔ پیاس اور گرمی کے لیے مشروبات اور پانی کا استعمال بہت ہوتا ہے۔ مشروبات کا استعمال جسم میں توانائی بحال کرتا ہے۔ کیونکہ مشوربات میں مٹھاس ہوتی ہے۔ اس موسم میں ایک مشروب لیموں پانی میں ملا کر پھر حسب ضرورت چینی نمک کٹی برف کے ساتھ دو تین پتے پودینہ ملا کر عام استعمال ہوتا ہے۔ جسے سکنجبین کہا جاتا ہے۔ یہ سستا اور سہل الحصول مشروب ہے۔ جو عام غریب آدمی کی بھی پہنچ میں ہے اور چند منٹوں میں تیار کیا جا سکتا ہے۔ موسم گرما کے بعد جب موسم برسات آتا ہے تو اس برساتی موسم (ساون بھادوں) میں شدید حبس سے بہت پسینہ آتا ہے۔ نظام ہضم کمزور پڑ جاتا ہے۔ اس موسم میں سکنجبین کا استعمال لذت کے ساتھ ساتھ علاج بھی ہے اور موسمی امراض سے تحفظ بھی ہے۔ صدیوں سے موسم گرما برسات میں ہمارے خطے کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد سکنجبین کا استعمال کرتی آ رہی ہے۔ مصنوعی ذائقہ والے مشروبات کی بجائے یہ مشروب قدرتی اور مفید ہے۔ یہ ہماری روایت بھی ہے اور ثقافت بھی۔
۱۰۰ گرام سکنجبین کے اجزاء:
کیلوریز                     ۶۹
کولسٹرول                 ۰
کاربوہائیڈریٹس        ۱۰ فیصد
غذائی فائبر              ۸.۹ گرام
پروٹین                     ۱.۴ گرام
فولاد                         ۵.۱۲ گرام
حیاتین ج                                ۳.۶۶ ملی گرام
پوٹاشیم                     ۱۳۸ ملی گرام
کیلشیم                        ۲۵.۲ ملی گرام
فولیٹ                      ۳ ملی گرام
میکنیزیم                   ۸ ملی گرام
کاپر                          ۴.۰ گرام
لیموں کی سکنجبین نظام ہضم کو درست رکھتی ہے۔ سینے کی جلن‘ بڑھی ہوئی تیزابیت‘ بدہضمی میں مؤثر ہے۔ ثقیل اور دیر ہضم اشیاء کو ہاضم بناتی اور معدے کی سوزش کو درست کرتی ہے۔ پودینہ ایسی بوٹی ہے کہ صدیوں سے معدہ اور آنتوں کے امراض میں مفید ومؤثر ہے۔ بخار اور کھانسی میں بھی مفید ہے۔ سکنجبین کا استعمال گردوں کی صفائی کرتا ہے۔ گردے سارے جسم کا بلڈ پریشر کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ تیزابیت اور سانس کا توازن برقرار رکھنے اور جسمانی فلٹر کا کام دیتے ہیں۔ سکنجبین پینے والے افراد پر گردوں کے کام کا بوجھ نہیں ہوتا۔ البتہ بلڈ پریشر والے نمک کا استعمال نہ کریں۔
موسم گرما میں پودینہ کی خوشبو سونگھنا سر درد کے لیے بہت مفید ہے۔ سکنجبین دردِ شقیقہ (آدھے سر کا درد) میں بہت مفید ہے۔
لیموں کی سکنجبین وٹامن سے بھر پور ہونے کے باعث جلدی صحت کے لیے بہت مفید ہے۔ سکنجبین کا موسم گرما میں استعمال جھریوں سے پاک اور بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کے علاوہ اس موسم کے عوارضات سے بچاتا ہے۔
پودینہ افسردگی‘ بے چینی جیسے عوامل کو زائل کرنے کی عمدہ تدبیر ہے۔ جبکہ سکنجبین کے ساتھ سانس کی تکالیف کو دور کرنے اور انٹی بیکٹیریل خاصیتوں کو متحرک کرتا ہے۔ گلے کے ہر قسم کے امراض میں مفید ہے۔
موسم برسات میں ملیریا کی وبا عام ہوتی ہے تو یہ ملیریا میں بہت مفید ہے۔ صفراوی بخاروں میں یہ تریاق کا درجہ رکھتی ہے۔ یرقان کے مریضوں کے لیے بھی یہ مشروب بہت خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے۔
والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو مصنوعی بازاری مشروبات کی بجائے اس سادہ قدرتی مشروب کی طرف راغب کریں۔


No comments:

Post a Comment

View My Stats