منزل کی تمنا ہے تو کر جہد مسلسل - ھفت روزہ اھل حدیث

Breaking

Saturday, July 27, 2019

منزل کی تمنا ہے تو کر جہد مسلسل


منزل کی تمنا ہے تو کر جہد مسلسل

سینئر نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان مولانا محمد نعیم بٹ خوشاب میں

زندہ جماعتوں کا وطیرہ ہوتا ہے کہ وہ اپنی ذیلی شہری وضلعی تنظیموں سے رابطہ میں رہتی ہیں اور اکثر وبیشتر تمام اضلاع کے دورہ جات ان کا معمول ہوتا ہے۔ اسی سلسلہ میں 7 اپریل بروز اتوار صبح 11 بجے حافظ محمد یونس آزاد نائب ناظم مرکزی جمعیۃ اہل حدیث پاکستان اور مولانا محمد نعیم بٹ سینئر نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیۃ اہل حدیث پاکستان ہمارے ہاں مرکزی جامع مسجد حفظانی اہل حدیث خوشاب میں تشریف لائے۔
ان کی آمد سے پہلے ضلعی تنظیم کے تقریبا تمام ذمہ داران مسجد میں موجود تھے۔ جنہوں نے مہمانان گرامی کا استقبال کیا۔ اجلاس کی کارروائی تلاوت قرآن مجید سے کی گئی جس کی سعادت قاری شہزاد عزیز صدر اہل حدیث یوتھ فورس تحصیل نور پور تھل نے حاصل کی۔ ابتدائی رپورٹ محمد احسان اللہ فاروقی سینئر نائب ناظم ضلع خوشاب نے پیش کی اور بتایا کہ چاروں تحصیلوں میں نظم موجود ہے اور ان کی بھر پور نمائندگی ہاؤس میں موجود ہے۔ ضلع بھر میں تحصیل کی سطح پر ماہانہ کم وبیش ۴۰ دروس کے باقاعدہ پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ۲۰ ضلعی کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ جبکہ تحصیلی اور مقامی سطح کی دعوتی کانفرنسیں سال بھر جاری رہتی ہیں۔ مزید یہ کہ تربیتی تنظیمی ماہانہ اجلاس بھی باقاعدگی سے کیے جاتے ہیں۔ مولانا حبیب الرحمن یزدانی ناظم تحصیل قائد آباد نے اپنی تنظیمی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 1981ء سے لے کر آج تک الحمد للہ کبھی بھی مرکزی پالیسی سے ہٹنا گوارا نہیں کیا۔ ہمیشہ مرکز کی پالیسی کو پوری محنت اور لگن سے پھول چڑھائے ہیں۔ انہوں نے جامعہ اسلامیہ کی خدمات کا بھی تذکرہ کیا۔ تبلیغی پروگرام اور تعمیر مساجد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے الحاج میاں فضل حق مرحوم‘ میاں عطاء الرحمن طارق مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے میاں بلال طارق کی سرپرستی کو سراہا کہ وہ اپنے اکابر کے کردار کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ نائب ناظم مرکزیہ حافظ محمد یونس آزاد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مسلک اہل حدیث ہی اسلام ہے جو قرآن وسنت کا نام ہے اور مرکزی جمعیت‘ اہل حدیث کی نمائندہ تنظیم ہے۔ اس سے کٹنے والے مٹتے چلے گئے اور منسلک رہنے والے ہی مسلسل کتاب وسنت کی خدمات انجام دینے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مفاد پر معمولی زد پڑنے سے جب کوئی الگ ہو جاتا ہے تو اپنا پلیٹ فارم چھوڑ دیتا ہے تو پھر شاخ سے ٹوٹنے والے پتوں کی حیثیت اختیار کر جاتا ہے۔ لہٰذا پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ کا فارمولہ ہی کامیاب ہے۔
سینئر نائب ناظم مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان مولانا محمدنعیم بٹ نے ہاؤس میں ضلعی نمائندگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع خوشاب نے کبھی مجھے مایوس نہیں کیا۔ تنظیمی کارکردگی جماعتی وابستگی میں یہ احباب پختہ کار ہیں اور مرکز کی پالیسی سے کبھی گریزاں نہیں ہوئے بلکہ حصہ بمطابق جثہ میدان عمل میں رہتے ہیں پھر بھی مزید استحکام کی امید رکھتا ہوں۔ مشکلات کے باوجود مرکز سے منسلک رہنا بھی ورکرز کا حسن ہے اور اسی میں عزت ہے۔ اہل حدیث کا موقف عمدہ واعلیٰ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ معاملات یا بین الاقوامی حالات میں کبھی بھی جماعت کی پالیسی پر شرمندگی نہیں اٹھانا پڑی۔ اگر وقتی طور پر کسی نے اسے درست نہیں جانا تو کچھ عرصہ بعد ضرور سراہنا پڑا۔ ماضی کی مثالیں دے کر انہوں نے اپنے موقف کو مضبوط انداز میں منوایا۔ ملکی انتخابات کے حوالہ سے ہو یا کویت‘ عراق قضیہ ہو یا حرمین شریفین کے بارہ میں پالیسی کا اختیار کرنا۔ مرکزی قیادت کے تمام فیصلہ جات ثمر آور اور درخشندہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ورکر کبھی شرمندہ نہیں ہوا۔ موجودہ حالات سب کے سامنے ہیں‘ آج کئی جماعتوں کے ورکرز بے چارے پریشان ومغموم ہیں اور چھپتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپیل کرتا ہوں کہ پہلے سے بڑھ کر فعال ومتحرک اور پختہ ہو جائیں اور اپنے مرکز سے رشتہ مضبوط تر بنائیں۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ اور ذمہ داران کے علاوہ علماء‘ خطباء نے بھی شرکت جبکہ اجلاس کی صدارت مولانا محمد دلدار عاجز امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع خوشاب نے فرمائی۔ دعائے خیر کی سعادت محمد احسان اللہ فاروقی سینئر نائب ناظم ضلع خوشاب کے حصہ میں آئی۔


No comments:

Post a Comment