اخبار الجماعت 31-2019 - ھفت روزہ اھل حدیث

Breaking

Saturday, August 17, 2019

اخبار الجماعت 31-2019


اخبار الجماعت

کشمیر کی تقسیم قبول نہیں‘ ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں: امیر محترم
بھارتی اقدام سے پورا خطہ جنگ کے خطرے سے دو چار ہے‘ عالمی برادری نے فوری طور پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو خطے میں جنگ کی آگ بھڑک سکتی ہے
لاہور(                     ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرd نے کہاہے کہ کشمیر کی تقسیم کسی صورت قابل قبو ل نہیں۔ ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، مقبوضہ کشمیر کا پرانا سٹیٹس قائم رکھنے کے لیے سیاسی وعسکری قیادت قوم کو اعتماد میں لے کر انتہائی اقدام اٹھائے۔ اس معاملے میں ہمیں آخری حد تک جانا ہو گا۔ حکومت فوری طور پراو آئی سی کا اجلاس بلا کر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے اور عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا جائے ۔ بھارتی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے شملہ معاہدے اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے ۔ حکومت وقت اس کے خلاف بین الاقوامی مہم شروع کرے ۔ دنیا بھر میں موجود اپنے سفیروں کو خصوصی ٹاسک دے‘ خصوصی طور پر کشمیر ڈیسک بنا کر کشمیر میں بھارتی مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ رکھا جائے۔
مرکز راوی روڈ لاہور سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا ا قدام طے شدہ منصوبے کے تحت کیاہے ۔ ہماری حکومت کو بھی اس حوالے سے چوکس رہنا چاہیے تھا اور عالمی فورمز کو بھارت کے ان عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے تھا ۔انہوں نے کہاکہ ٹرمپ نے کشمیر پر جس ثالثی کی پیشکش کی ہے اگر اس کا مقصد کشمیر کے دیرینہ اور بین الاقوامی موقف کے بجائے وادی کی بندر بانٹ ہے تو اسے خود کشمیری بھی تسلیم نہیں کریں گے ۔ کشمیر پر ثالثی کو اسی صورت تسلیم کیا جائے گا جب اس کا مقصد استصواب رائے کرانااور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیناہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے اس اقدام سے پورا خطہ جنگ کے خطرے سے دوچار ہوگیاہے اور عالمی برادری نے فوری طور پر اپنا کردار ادا نہ کیا تو خطے میں جنگ کی آگ بھڑک سکتی ہے پھر یہ جنگ کسی ایک علاقے یا خطے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے یک طرفہ طو ر پر جنگ کا اعلان کر دیا ہے‘ اب پاکستانی حکومت اور اداروں کو بھی پوری طرح تیار رہنا چاہیے ۔ پوری قوم اس مہم میں اپنی افواج کی پشت پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی تقسیم قابل قبو ل نہیں۔ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے ۔ ہم کسی صورت بھی کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ کشمیر کے مسئلے پرپوری قوم ایک پیج پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر کے دفعہ ۱۴۴ لگا رکھی ہے۔ بھارت نے پہلے سے کشمیر میں موجود ۷ لاکھ فوج کے باوجود ایک لاکھ فوج مزید داخل کر دی ہے اور کشمیر کو ایک کروڑ مسلمانوں کے لیے جیل بنادیا ہے ۔ پوری کشمیری قیادت جیلوں میں بند ہے ۔ انہوں نے اپنے کارکنوں کو تاکید کی ہے کہ ملک بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہر ے ، جلسے ، جلوس اور ریلیوں کا اہتمام کریں۔
ناظم اعلیٰ پنجاب کی سرگودھا آمد
مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع سرگودھا کا سہ ماہی اجلاس مولانا سرفراز احمد امیر ضلع کی امارت میں مورخہ 25 جولائی مدرسہ سلفیہ دار الکتاب والسنہ پل 111 جنوبی میں منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی جناب مولانا عبدالرشید حجازی ناظم اعلیٰ پنجاب بر وقت تشریف لائے۔ نونہال طلبہ ویوتھ فورس کے نوجوانوں نے شاندار استقبال کیا۔ تلاوت قرآن سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ حافظ عبدالغفور ناظم ضلع نے سابقہ اجلاس کی کارروائی سنائی۔ کابینہ کی توثیق کے بعد انہوں نے موجودہ اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ مولانا سرفراز احمد نے تربیتی کنونشن کی ضرورت واہمیت پر اظہار خیال کیا۔ اراکین سے رائے طلب کی‘ باہمی مشورہ سے نومبر کے آغاز میں انعقاد کا فیصلہ ہوا۔ حافظ سیف اللہ کمیرپوری صدر AYF پنجاب نے اراکین کو جماعتی فیصلہ سے آگاہ کیا کہ تبلیغی پروگرام ختم نبوت کے عنوان پر کیے جائیں۔ مولانا کاشف علی صدر AYF ضلع سرگودھا نے رکنیت سازی پر روشنی ڈالی‘ چوہدری عبدالخالق خازن نے اراکین کی مالی امور کی طرف توجہ دلوائی۔
مہمان خصوصی: مولانا عبدالرشید حجازی نے سیرت طیبہ کی روشنی میں جماعتی نظم وضبط پر اظہار خیال کیا‘ نظم سے ہی کارکن جماعتی دائرہ میں کار بند رہتا ہے۔ ہاتھ کی انگلیاں انگوٹھا کی سرپرستی میں مکہ بن جاتی ہیں‘ خوبصورت مثال کے ذریعے سمجھایا کہ اسی طرح امیر کی سرپرستی میں جماعت منظم وفعال ہو جاتی ہے۔ آپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ علمی وتحقیقی جریدہ ہفت روزہ اہل حدیث اپنے نام جاری کروائیں تا کہ جماعتی حالات سے بھی باخبر رہیں۔ محترم سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم ناظم اعلیٰ صاحب کا نیب کی چھان بین سے بے داغ ہو کر سرخرو ہونے پر اس سے جماعتی وقار میں اضافہ ہوا۔ نماز ظہر کے بعد محترم حجازی صاحب نے درس حدیث میں نبی کریمﷺ کا ارشاد سنایا کہ ’’اگر تم چاہتے ہو کہ اللہ تم سے محبت کرے تو تم ہمیشہ سچ بولو‘ امانت میں خیانت نہ کرو اور پڑوسی کا خیال رکھو۔ اجلاس کے آخر میں وطن کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں اور جناب محمود عباس رحمہ اللہ کی وفات پر افسوس کا اظہار اور ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا۔ آخر میں مہمانوں کو ظہرانہ پیش کیا گیا۔ ... رپورٹ: ملک عطاء محمد جنجوعہ‘ رہنما مرکزی جمعیت ضلع سرگودھا
جامع مسجد قباء اہل حدیث چک 16/MBکی تعمیرنو
مورخہ 28 جولائی بروز اتوار جامع مسجد قباء اہل حدیث چک 16 ایم بی تحصیل نور پور تھل میں ضلعی اور تمام تحصیلوں کی قیادت جمع ہوئی۔ مسجد کی تعمیر نو کے لیے تمام شرکاء مجلس‘ علماء کرام نے مسجد کی بنیاد میں ایک ایک اینٹ رکھی اور پھر امیر ضلع مولانا دلدار عاجز نے اسلامی معاشرے میں مسجد کی اہمیت وضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کسی علاقے میں مسجد کا ہونا خود اہل علاقہ کی خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے حاضرین مجلس کو ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ مسجد بہترین صدقہ جاریہ ہے تمام احباب جماعت‘ علماء کرام اور ذمہ داران حسب توفیق اپنا اپنا حصہ ضرور ڈالیں۔ نماز مغرب سے قبل مقامی جماعت کی طرف سے پر تکلف عشائیہ دیا گیا۔ نماز مغرب کے بعد ضلعی قیادت کی موجودگی میں امیر ضلع کی زیر صدارت AYF تحصیل نور پور تھل کا اجلاس ہوا جس میں تحصیل نور پور تھل AYF کے جنرل سیکرٹری کے لیے مولانا محمد جعفر ربانی کی نامزدگی کی گئی۔ اس موقع پر مولانا شکیل اصغر ڈار ضلعی صدر AYF نے کہا کہ یوتھ فورس کے شاہینو! تم خوش قسمت ہو کہ اللہ تعالیٰ نے جوانی میں دین کی خدمت کرنے کی توفیق دی۔ مقامی جماعت کے علاوہ ضلع بھر سے درج ذیل علماء کرام اور ذمہ داران شریک ہوئے اور انہوں نے مسجد قباء کی بنیاد میں اینٹیں لگانے کا اعزاز حاصل کیا۔
مولانا محمد دلدار عاجز (امیر ضلع)‘ پروفیسر احسان اللہ فاروقی (سینئر نائب ناظم ضلع)‘ مولانا رانا حبیب اللہ (ناظم ضلع)‘ مولانا شکیل اصغر ڈار (صدر AYF ضلع)‘ مولانا عیسیٰ فاروقی (جنرل سیکرٹری AYF ضلع)‘ مولانا عبدالحفیظ اکرم (صدر AYF تحصیل خوشاب)‘ قاری عبدالوہاب (ناظم مرکزی جمعیت تحصیل خوشاب)‘ بھائی ظہیر احمد (رکن مجلس شوریٰ AYF پاکستان) قاری شہزاد عزیز (صدر AYF تحصیل نور پور تھل)‘ ڈاکٹر فیصل (ناظم تحصیل نور پور تھل)‘ مولانا محمد جعفر ربانی (جنرل سیکرٹری AYF تحصیل نور پور تھل)‘ مولانا حبیب الرحمن یزدانی (ناظم تحصیل قائد آباد) حکیم غلام اکبر (ناظم تبلیغ تحصیل نور پور تھل)‘ چوہدری محمد ایوب اور بھائی علی حیات قائد آباد‘ مولانا محمد عمران چک 12 ایم بی‘ قاری طارق عزیز‘ مولانا انعام الرحمن چک 20 ایم بی‘ مولانا اسلام الرحمن‘ مولانا عتیق الرحمن خطیب مسجد ہاذ اور مقامی احباب جماعت میں سے ماسٹر لیاقت‘ کلیم اللہ بھائی‘ محمد شفیق‘ محمد شبیر‘ محمد ندیم‘ محمد سعید وغیرہ تھے۔ مسجد کی تعمیر میں بہت محنت کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان بھائیوں کی محنتیں قبول فرمائے۔ آمین! امیر ضلع کی دعا سے مجلس برخاست ہوئی۔ ... منجانب: حبیب الرحمن یزدانی‘ ناظم سیاسی امور ضلع خوشاب
تقریب حلف برداری
تفصیلات کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث آزادجموںو کشمیر ضلع کہوٹہ حویلی کے نو منتخب عہدیداران نے حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، سرپرست محی الدین اثری نے نو منتخب عہدیداران سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ قبل ازیں ناظم اعلیٰ آزاد جموں وکشمیر دانیال شہاب مدنی نے آزاد جموں وکشمیر ضلع کہوٹہ حویلی کی ضلعی شوری کے اجلاس میں ضلعی عہدیداران کا اعلان کیا۔ ضلعی عہدیداران میں سجاد علی ہاشمی ضلعی امیر،افتخار حیدر بخاری ضلعی ناظم،ذوالفقار علی راجہ ضلعی ناظم مالیات اور آفتاب احمد خان ضلعی ناظم نشر و اشاعت منتخب ہوئے ہیںجبکہ نائب امیر سید عبدالرحمن بخاری کو ضلع کہوٹہ حویلی کا سرپرست مقرر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ دانیال شھاب مدنی ،نائب امیر سید عبدالرحمن بخاری، نوجوان مبلغ و داعی حافظ عبدالغفور طاہری سمیت کہوٹہ حویلی کے ضلعی شوری کے اراکین بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔
ہفت روزہ اہل حدیث کی توسیع اشاعت مہم
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کا ترجمان ہفت روزہ اہل حدیث لاہور دین اسلام کی تبلیغ‘ اصلاح معاشرہ‘ قرآن وسنت کی روشنی میں مسائل کے حل کے علاوہ دیگر اہم موضوعات پر مضامین اور جماعتی خبروں پر مبنی سلسلے مقبولیت میں اضافہ کے باعث ہیں۔ جماعت کے نامور خطیب مولانا عبدالسلام سلفی ہزاروی نے اپنی حسب روایت دینی وجماعتی خدمات کو جاری رکھتے ہوئے ہفت روزہ اہل حدیث لاہور کو اسلام آباد کے علاقہ بنی گالہ میں 20 عدد شمارے اپنے ذاتی خرچ پر مختلف اشخاص کے نام جاری کروائے۔ جس پر ادارہ مولانا عبدالسلام سلفی ہزاروی کا انتہائی شکر گذار ہے اور ان کو اس عظیم خدمت پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین! (ادارہ)
مجید نظامی کو خراج عقیدت
اہل حدیث یوتھ فورس ضلع ساہیوال کے صدر قاری محمد حسن سلفی نے امام صحافت مجید نظامی مرحوم ومغفور کے پانچویں یوم وفا ت پرانہیںزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایسے لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ نوائے وقت کے ذریعے انہوں نے ہمیشہ کلمہ حق بلندکیا اور کسی مخالفت کی پروا نہیں کی۔ وہ جابر سلطانوں کو للکارنا جانتے تھے۔ ملک وملت کی عزت ووقار کی خاطر اپنی خدمات پیش کرتے رہے۔ رمضان المبارک کے آخری اور مبارک لمحات میں اپنے رب سے ملاقات کیلئے پیش ہوئے جو کسی سعادت سے کم نہیں۔ نوائے وقت ان کی عظیم یادگار ہے جو نظریہ پاکستان کا نہ صرف نقیب بلکہ چوکیدار کی حیثیت رکھتا ہے۔ مجید نظامی پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان دیکھنا چاہتے تھے۔ دوقومی نظریہ کی ترویج واشاعت اور نئی نسل تک اس شعور کو اجاگر کرنا انہی کا کارنامہ ہے جو تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جاچکا ہے۔ مجید نظامی نے پیشہ صحافت کو عبادت سمجھ کر کیا‘ وہ اسلامی اقدار کے محافظ تھے ۔
تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس
مرکز محمدیہ اہل حدیث جامع مسجد حقانی ٹبہ سلطان پور تحصیل میلسی ضلع وہاڑی میں مورخہ ۲۸ جولائی بروز اتوار بعد نماز عشاء ایک عظیم الشان تاجدار ختم نبوت ﷺ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں نقابت کے فرائض مولانا محمداشرف غیور نے انجام دیئے۔ کانفرنس سے قاری محمدحسن سلفی ، قاری امجد فاروق عدیل ، قاری محمدشبیر انجم ، حافظ عبدالجبار زاہد نے خطابات کئے جب کہ خصوصی دعا مولانا مرزا محمدیوسف عابد نے کروائی‘ کانفرنس میں مرکزمحمدیہ کے طلبہ اور احباب جماعت نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ... قاری اسد اللہ غالب‘ مدرس شعبہ حفظ مرکز محمدیہ ٹبہ سلطان پور
ماہانہ درس قرآن
دار العلوم تقویۃ الاسلام ’’مدرسہ غزنویہ‘‘ 4۔ شیش محل روڈ لاہور میں مورخہ 26 اگست 2019ء بروز پیر بعد نماز مغرب جناب مولانا قاری محمد راشد خلیل عزیزی مدرس دار العلوم ہذا درس قرآن مجید ارشاد فرمائیں گے۔ ان شاء اللہ! خود تشریف لا کر اپنے قلوب کو منور فرمائیں نیز اپنے احباب کو دعوت شرکت دیجیے۔
نوٹ: مستورات کے لیے پردہ اور شرکاء کے لیے کھانے کا انتظام ہو گا۔ ان شاء اللہ!
الداعی الی الخیر: سید جنید غزنوی مہتمم دار العلوم ہذا
درس قرآن
جامع مسجد اہل حدیث کوٹ مظفرتحصیل میلسی ضلع وہاڑی میں بعد نماز عصر مولانا عبدالجبار زاہد نائب ناظم ضلع ساہیوال نے عظمت صحابہ ؓ کے عنوان پر درس قرآن دیا جسے حاضرین نے سراہا۔ ... منجانب: قاری محمد یونس تبسم‘ خطیب مسجد ہذا
جا مع مسجد اہل حدیث فتح پور میلسی میں بعد نماز مغرب مولانا قاری امجدفاروق عدیل نے درس قرآن دیا جس میں احباب نے دلجمعی سے شرکت کی اور اپنے قلوب واذہان کو اسلامی تعلیمات سے منور کیا۔ ... منجانب: مولانا ابوبکر صدیق‘ فتح پوری‘ حال مقیم میلسی


No comments:

Post a Comment