اھل حدیث یوتھ فورس پاکستان، مرکزی شوریٰ کے اجلاس کی کارروائی 30-2019 - ھفت روزہ اھل حدیث

Breaking

Saturday, August 03, 2019

اھل حدیث یوتھ فورس پاکستان، مرکزی شوریٰ کے اجلاس کی کارروائی 30-2019


AYF پاکستان‘ مرکزی شوریٰ کے اجلاس کی کارروائی

رپورٹ: جناب ملک عبدالکریم ندیم
اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کی سابقہ روایات کے مطابق اس سال بھی مرکزی شوری کا سالانہ اجلاس ۲۰-۲۱ جولائی ۲۰۱۹ء بروز ہفتہ/اتوار مرکز اہل حدیث کالا باغ‘ گلیات ضلع ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے انتظامات کی ذمہ داری اہل حدیث یوتھ فورس KPK کے صدر مولانا خورشید احمد خان کی زیر نگرانی AYF ضلع ایبٹ آباد نے اٹھائی ہوئی تھی۔ ارکان شوری کی آمد ہفتہ کی صبح سے ہی شروع ہو گئی۔ شیڈول کے مطابق حافظ محمد قسیم‘ مولانا محمد ابراہیم محمدی اور مولانا عطاء الرحمن حقانی کی نگرانی میں اجلاس میں آنے والے تمام معزز ارکانِ شوری اور مندوبین کی رجسٹریشن کی گئی۔ نماز ظہر کے بعد ظہرانہ دیا گیا اور ٹھیک 2:30 بجے  اجلاس کی پہلی نشست کا آغاز ہوا۔ صدارت‘ AYF پاکستان کے صدر جناب حافظ فیصل افضل شیخ نے فرمائی۔ نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری جناب حافظ محمد عامر صدیقی نے انجام دئیے۔ جبکہ اس نشست کے مہمان خصوصی سینئر ڈپٹی سیکرٹری محترم جناب حافظ سلمان اعظم تھے۔ قاری محمد اسماعیل محمدی نے تلاوت کلام پاک کی۔ افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عامر صدیقی نے کہا کہ دینی اور مذہبی نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت دین سے دور کیا جا رہا ہے اور سیکولر قسم کے لوگوں کو آگے لانیکی ناپاک سازش کی جا رہی ہے۔ اس لیے اہل حدیث یوتھ فورس کے کارکنان اور ذمہ داران کا فرض بنتا ہے کہ نوجوانوں کی اصلاح کریں اور انہیں یوتھ فورس کے نظم میں لے کر آئیں۔ جناب حافظ فیصل افضل شیخ نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام اراکین شوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک و ملت کو مختلف فتنوں کا سامنا ہے۔ جن کے خاتمہ کے لیے اہل حدیث یوتھ فورس کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ ماڈرن ازم کے نام پہ اسلام سے بیگانہ ہونے والے نوجوانوں کو قرآن و سنت کی دعوت دینا ہو گی اور اس کے لیے سنت رسول کو معیار بنانا ہو گا۔ انہوں نے تمام اراکین شوری سے کہا کہ دستور کا تقا ضا ہے کہ کم از کم سال میں کابینہ کے چار اجلاس اور شوری کا ایک اجلاس ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں اور اکتوبر و نومبر میں ہونے والی آل پنجاب ختم نبوت کانفرنس‘ آل جنوبی پنجاب ختم نبوت کانفرنس اور آل خیبر پختونخواہ ختم نبوت کانفرنس کی بھر پور تشہیر کریں اور بھرپور انداز میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ جن جن عہدوں پر فائز ہیں ان کی پاسداری کریں اور مرکز میں ہونیوالے کسی بھی فیصلے پر ناگواری نہ کیا کریں۔ محترم حافظ سلمان اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارکان شوری کسی بھی تنظیم کے دماغ کی حیثیت رکھتے ہیں اور تنظیمیں انہی کی مشاورت سے چلتی ہیں۔ اس لیے تمام ارکان نظم وضبط کا مظاہرہ کریں۔ شمالی پنجاب کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے AYF شمالی پنجاب کے صدرحافظ سیف اللہ کمیر پوری نے کہا کہ ہم نے چیئر مین الیکشن بورڈ ڈاکٹر عبدالکریم ندیم اور حافظ محمد قسیم کی نگرانی میں کامیاب اور منظم انتخابات کرائے ہیں۔ سرگودھا میں آل پنجاب ختم نبوت کانفرنس کروائی۔ ختم نبوت اور اتحاد امت کے موضوعات پر کتابچے تقسیم کیے گئے۔
بعدنماز عصر دوسری نشست کا آغاز حافظ محمد ابو بکر کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جنوبی پنجاب کی طرف سے محترم ڈاکٹر عبدالکریم ندیم نے یوتھ فورس جنوبی پنجاب کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
پھر AYF خیبر پختونخواہ کے صدر مولانا خورشید احمد خان نے KPK کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اسی دوران مولانا عتیق الرحمن تشریف لے آئے۔ جنہوں نے اپنے خطاب میں اہل حدیث یوتھ فورس KPK  کو مرکزی جمعیت اہل حدیث کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں حافظ محمد ابوبکر سیکرٹری فیصل آباد‘ محمد امجد صدر منڈی بہاؤالدین‘ قاری سیف اللہ حقانی جنرل سیکرٹری لیہ‘ حاجی شاہد بٹ جنرل سیکرٹری نارووال‘ مولانا محمد یاسین محمدی صدر ملتان سٹی‘ ملک اعجاز جوئیہ صدر ضلع قصور‘ حافظ قیم الٰہی ظہیر صدر لاہور‘ حافظ محمد الیاس سٹی قصور‘ عیسیٰ فاروقی جنرل سیکرٹری خوشاب‘ حافظ محمد بابر سلفی صدر شیخوپورہ‘ محمد کاشف ضلع سرگودھا‘ عثمان راشد لاہور‘ عبدالصمد جوئیہ ضلع مظفر گڑھ‘ مولانا سرور لیاقت سلفی صدر جھنگ‘ سید محمد باقر شاہ جنرل سیکرٹری ضلع گوجرانوالہ‘ عمران ربانی جنرل سیکرٹری سرگودھا سٹی‘ راشد رفیق پاکپتن‘ مولانا عبدالستار بھٹی ڈیرہ غازیخان‘ مولانا عبدالشکور بہاولپور‘ مولانا افضل زکریا خانیوال اور دیگر نے اپنے اضلاع اور سٹی کی رپورٹس پیش کیں۔ بعد نماز مغرب کھانے کا وقفہ تھا‘ بعد نماز عشاء ممتاز سکالر ڈاکٹر عبدالباسط فہیم نے ایک بہترین قائد اور ورکر کی خصوصیات پر لیکچر دیا۔ بعد ازاں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر عزیز الرحمن نے دنیا کو درپیش چیلنجز و مسائل پر تفصیلی لیکچر دیا۔ ان کے لیکچر سے پہلے حافظ عصمت اللہ نے یوتھ فورس کا ترانہ پیش کیا۔ جبکہ AYF تحصیل کوٹ ادو کے صدر مولانا عبداللہ سلفی نے سرائیکی میں خوبصورت اشعار پیش کیے۔
۲۱ جنوری بروز اتوار اجلاس کی آخری اور چوتھی نشست کا آغاز ہوا۔ تلاوت کی سعادت قاری سعداللہ نے حاصل کی۔ اس نشست میں مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ اور اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے سابق صدر محترم جناب مولانا محمد نعیم بٹd نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایجنڈا کے مطابق ملک بھر میں ہونیوالی تین ختم نبوت کانفرنسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جناب حافظ افضل شیخ نے بریفنگ دی اور کہا کہ رحیم یار خان میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع شرکت کریں۔ کھڈیاں قصور کی کانفرنس میں اٹک سے ساہیوال تک کے تمام اضلاع کی نمائندگی انتہائی ضروری ہے جبکہ ہری پور میں ہونیوالی کانفرنس میں KPK کے تمام اضلاع سمیت راولپنڈی ڈویژن بھرپور شرکت کو یقینی بنائے۔ اس موقع پر تمام سٹی اور ضلعی تنظیموں کے ذمہ داران سے وعدے بھی لئے گئے۔ بعدازاں اجلاس کی آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے راہنما مولانا محمد یونس آزاد نے کہا کہ مرکزی جمعیت ملک بھر کے اہل حدیث کی نمائندہ جماعت ہے اور یوتھ فورس اس کا ہر اول دستہ ہے۔ مولانا محمد الیاس مشتاق امیر ضلع ایبٹ آباد نے اپنے خطاب میں جماعت کے بزرگ رہنماؤں میاں فضل حق رحمتہ اللہ اور دیگر کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ہزارہ ڈویژن کسی قسم کی سازش کا شکار نہیں ہوا بلکہ جماعت کے ساتھ کھڑا ہے۔ مولانا محمد نعیم بٹ نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں یوتھ فورس کے کارکنان سے کہا کہ آپ جماعت کا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔یوتھ فورس کا نوجوان محض ورکر ہی نہیں بلکہ مستقبل کا لیڈر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے ساتھ وابستگی اور محبت کا تقاضا یہ ہے کہ حالات جو بھی ہوںقیادت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں‘ اپنا کام تیزی سے جاری رکھیں اور اپنی قیادت پر فخر محسوس کریں۔
بعد ازاں محترم جناب فیصل افضل شیخ نے کہا کہ ملک بھر میں اہل حدیث یوتھ فورس کی رکنیت سازی مہم جاری ہے جس میں آپ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ہر سلفی اہل حدیث نوجوان کو اس کا رکن بنائیں۔ اس سلسلہ میں اگر رکنیت فارم کی ضرورت ہوتومرکزی دفتر یا ڈاکٹر ملک عبدالکریم ندیم اور اپنے صوبائی صدور یا جنرل سیکرٹریز سے رابطہ کریں۔
انہوں نے آخر میں تمام اراکین شوری اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کالا باغ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حسن انتظام کی لیے اہل حدیث یوتھ فورس KPK کے صدر مولانا خورشید احمد خان‘ ضلع ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری مولانا آصف مسعود‘ مولانا شبیر سلفی‘ محمد مشتاق سلفی‘ حافظ ذیشان احمد‘ جہانگیر گلیاتی‘ حافظ عدیل الرحمن‘ انیس الرحمن‘ ساجد خان مولانا طاہر گل‘ انس پرویز‘ قاری مظفر‘ مبین ریاض‘ اور حسرت محمود سمیت تمام احباب کا شکریہ ادا کیا گیا۔ جنہوں نے اجلاس کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔


No comments:

Post a Comment