علمی تکبر اور دعوتی تعصب 03-20 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Sunday, January 19, 2020

علمی تکبر اور دعوتی تعصب 03-20


علمی تکبر اور دعوتی تعصب

علمی خدمت اور دعوت دین ایک وسیع کام ہے۔ ظاہر ہے کہ ہم اس کے ہر پہلو پر کام نہیں کرسکتے بلکہ ہمارا ایمان ہے کہ دعوت دین کے ہر میدان میں بیک وقت کام کرنا اور اس کاحق اداکرلینا انبیاءo کے علاوہ کسی کے لئے بھی ممکن نہیں، اور سلسلہ نبوت کے ختم ہونے کے ساتھ یہ امتیاز بھی ختم ہوچکا ہے ، آج ہرشخص محض اپنے ذوق ، استطاعت اور محدود وسائل کے بقدر ہی کام کرسکتا ہے۔
ایسی صورت میں ہر ایک کو حسب توفیق اپنے کام میں پوری محنت ولگن کا ثبوت دینا چاہیے، اس یقین کے ساتھ کہ بہت سارے کام ایسے ہیں جن کی توفیق اللہ نے دوسروں کو دی ہے اور وہ بھی امت کے حق میں مفید بلکہ ضروری ہیں ۔
اگرکوئی شخص اس خوش فہمی میں مبتلاء ہے کہ دعوت وتبلیغ اور ارشاد امت کی ساری ذمہ داریاں اسی کے کندھے پر ہیں اوروہی تن تنہا ہر محاذ پر ڈٹا ہوا ہے تو وہ ختم نبوت پر اپنے ایمان کی نظر ثانی کرے۔
اللہ کے نبیe کے بعد سب سے بہترین گروہ کوئی ہوسکتا ہے تو وہ صحابہ کرام] کا گروہ ہے۔ علم وفقہ، زہدوتقوی ، عبادت وریاضت ، رشدوہدایت ، دعوت وتبلیغ ، غرض کسی بھی معاملہ میں ان کی نظیر نہیں پیش کی جاسکتی۔ ان کی تعلیم وتربیت خود اللہ کے نبیe نے کی تھی ، اس کے باوجود اللہ کے نبیe نے مختلف صحابہ کرام] کے الگ الگ امتیازات بتلائے :
[عَنْ اَنَسِ بْنِ مَالِك، اَنَّ رَسُولَ اللَّهﷺ قَالَ: ’اَرْحَمُ اُمَّتِی بِاُمَّتِی اَبُو بَكرٍ، وَاَشَدُّهمْ فِی دِینِ اللَّه عُمَرُ، وَاَصْدَقُهمْ حَیَائً عُثْمَانُ، وَاَقْضَاهمْ عَلِیُّ بْنُ اَبِی طَالِبٍ، وَاَقْرَؤُهمْ لِكتَابِ اللَّه اُبَیُّ بْنُ كعْبٍ، وَاَعْلَمُهمْ بِالْحَلَالِ وَالْحَرَامِ مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ، وَاَفْرَضُهمْ زَیْدُ بْنُ ثَابِتٍ، اَلَا وَإِنَّ لِكلِّ اُمَّة اَمِینًا، وَاَمِینُ هذِه الْاُمَّة اَبُو عُبَیْدَة بْنُ الْجَرَّاحِ۔‘] (ابن ماجه: ۱۵۴، صحیح)
سیدنا انس بن مالکt کہتے ہیں کہ رسول اللہe نے فرمایا: ’’میری امت میں سب سے زیادہ میری امت پر رحم کرنے والے ابوبکرt ہیں ، اللہ کے دین میں سب سے زیادہ سخت اور مضبوط عمرt ہیں ، حیاء میں سب سے زیادہ حیاء والے عثمانt ہیں ، سب سے بہتر قاضی علی بن ابی طالبt ہیں ، سب سے بہتر قاری ابی بن کعبt ہیں ، سب سے زیادہ حلال وحرام کے جاننے والے معاذ بن جبلt ہیں ، اور سب سے زیادہ فرائض (تقسیم میراث) کے جاننے والے زیدبن ثابتt ہیں، سنو! ہر امت کا ایک امین ہوا کرتا ہے اور اس امت کے امین ابوعبیدہ بن جراحt ہیں۔‘‘
جب صحابہ کرام] میں بھی بعض صحابہ کے پاس کچھ ایسا ہوتا تھا جو دوسرے صحابہ کے پاس نہ ہوتا ، تو آج کے اس دور کا کوئی شخص تن تنہا ساری خوبیوں کا ٹھیکیدار کیسے ہوسکتاہے ؟ اس لئے اپنی حدوں کا علم اور دوسروں کے امتیازات کا اعتراف ضروری ہے ۔
کچھ لوگ گرچہ اپنے آپ کو ہرفن مولا نہیں سمجھتے اور اپنے کام کو بھی ناقص ہی شمار کرتے ہیں لیکن وہ اس بات پر اتراتے ہیں کہ ان کی نظر میں دین کا کام بس وہی ہے جو وہ کررہے ہیں باقی سارے لوگ فضول ، لایعنی اور غیرمفید کا موں میں لگے ہوئے ہیں ۔
 کسی نے غیر مسلموں میں قرآن کے دو چار نسخے بانٹ دیئے اب مجال ہے کہ کسی عالم ، کسی ادارہ ، کسی تنظیم ، کسی تحریک کے یہاں اسے دین کی کوئی دعوت نظر آئے ، بلکہ ایسے کاموں کو دعوت کا نام دینا ہی اس کی نظر میں بہت بڑی جہالت ہے ۔  کسی نے دو اینٹ کا مدرسہ قائم کرلیا اب اس کی نظر میں وہی اسلام کا قلعہ ہے ، جو بھی اس سے لاتعلق ہوا وہ [لیس منا] کا مصداق اور تباہی و بربادی کی طرف رواں دواں ہے ۔
 تقابل مسالک سے متعلق کسی نے دو چار باتیں سیکھ لیں ، اب اسی پر بحث ومناظرہ کرنے والے ہی اس کی نظر میں اسلام کے داعی ہیں اور جو اس میں دلچسپی نہ لے یا اس کار خیر میں ان کا تعاون نہ کرے وہ جاہل اور بے غیرت انسان ہے۔
 کسی نے وعظ و نصیحت کی چند مجلسیں منعقد کرلیں ، اب زہد و تقوی کے جملہ حقوق اسی کے پاس محفوظ ہیں ، باقی سارے لوگ فاسق و فاجر ہیں ۔
اس کو پڑھیں:  انتظامیہ کی نا اہلی
غرض کہ جسے دیکھو وہی بس اپنے کام ہی کو اصل کام باور کرارہا ہے اور باقی لوگوں کو ناکام اور ناکارہ شمار کرتا پھرتا ہے۔
ان میں کچھ لوگ نا سمجھ ہیں اور غلط فہمی کے شکار ہیں ، جبکہ کچھ لوگ یہ ذہن بنا کر بیٹھے ہیں کہ اپنی قدر وقیمت اور اپنے کاموں کی اہمیت ثابت کرنا ہے تو دوسروں کی تنقیص ومذمت میں لگ جاؤ۔
اس طرح کی اُچھل کود کے پیچھے شہرت طلبی مقصود ہو یا اصحاب خیر کے دست تعاون کو اپنی طرف مائل کرنا مطلوب ہو ، بہر صورت یہ ایک چھچھوری حرکت ہے ، آپ ایک مفید اور نیک کام کررہے ہیں یہ بہت اچھی بات ہے ، لیکن کیا اپنے کام کو مفید اور نیک ثابت کرنے کے لئے بس یہی ایک راستہ بچا ہے کہ دوسروں کی تنقیص اور مذمت کرتے پھرو؟


No comments:

Post a Comment

View My Stats