درس قرآن وحدیث 07-20 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Sunday, February 16, 2020

درس قرآن وحدیث 07-20


درسِ قرآن
سکونِ قلب
ارشادِ باری ہے:
﴿اَلَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَ تَطْمَىِٕنُّ قُلُوْبُهُمْ بِذِكْرِ اللّٰهِ١ؕ اَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَىِٕنُّ الْقُلُوْبُؕ۰۰۲۸﴾ (الرعد)
’’جولوگ ایمان لائے ان کے دل اللہ کے ذکر سے اطمینان حاصل کرتے ہیں۔یاد رکھو اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو تسلی حاصل ہوتی ہے۔‘‘
راحت وسکون اور اطمینان قلب انسان کے لیے بہت بڑی نعمت ہے۔ – پرسکون زندگی گزارنے کی آرزو اور جستجو ہی  انسان کو متحرک رکھتی  ہے۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ جس ذات نے اس انسان کو پید ا فرمایا اور اس کے لیے بیش بہا نعمتوں کے ساتھ ساتھ اس نعمت عظمی کا بندوبست فرمایا اس کی طرف انسان کا دھیان بہت کم ہے۔ مالک حقیقی کی طرف رجوع ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو انسان کو ذہنی ، جسمانی اور دماغی ہر لحاظ سے سکون اور راحت فراہم کرسکتا ہے۔ جبکہ اس کے برعکس انسان جتنے بھی جتن کرلے لیکن اس ذریعہ حقیقی کو نہ اپنائے تو اسے ناصرف یہ کہ ذہنی آسودگی حاصل نہ ہوگی بلکہ ہر چہار اطراف سے پریشانیوں میں گھرا رہے گا۔ ارشادِ باری ہے:
﴿وَ مَنْ يُّعْرِضْ عَنْ ذِكْرِ رَبِّهٖ يَسْلُكْهُ عَذَابًا صَعَدًاۙ۰۰۱۷﴾ (الجن)
’’اور جو شخص اپنےٍ پروردگار کے ذکر سے منہ موڑ لے گا تو پھر اللہ تعالی بھی اسے سخت عذاب میں مبتلا کردیں گے۔‘‘
ایسی صورت میں اس پر ایک شیطان کو مسلط کردیا جاتاہے جو ہروقت اسے بے راہ روی ، نفسانی خواہشات کی اتباع میں مگن رکھتا ہے۔ ضمیر کی آواز کو دبانے کی وجہ سے ہمیشہ پریشان حال اور افسردہ رہتا ہے:
﴿وَ مَنْ يَّعْشُ عَنْ ذِكرِ الرَّحْمٰنِ نُقَيِّضْ لَهٗ شَيْطٰنًا فَهُوَ لَهٗ قَرِيْنٌ۰۰۳۶﴾ (الزخرف)
’’اور جو کوئی اللہ رحمن کے ذکر سے غافل رہے ہم اس پر ایک شیطان مسلط کردیتے ہیں جو اس کے ساتھ رہتا ہے۔‘‘
معيشت کی تباہی کی اصل وجہ بھی اللہ کے راستے اور اس کی یاد سے دوری واعراض اور شیطان کی پیروی ہے:
﴿وَ مَنْ اَعْرَضَ عَنْ ذِكرِيْ فَاِنَّ لَهٗ مَعِيْشَةً ضَنْكا وَّ نَحْشُرُهٗ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ اَعْمٰى۰۰۱۲۴﴾ (طٰهٰ)
’’اور هاں جو کوئی بھی میری یاد سے روگردانی کرے گا تو اس کی زندگی تنگی میں رہے گی اور ہم اسے بروز قیامت اندھا کرکے اٹھائیں گے۔‘‘
اسی لیے قرآن میں صبح و شام اللہ کے ذکر میں مشغول رہنے کی تلقین فرمائی گئی ہے:
﴿يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوا اذْكُرُوا اللّٰهَ ذِكْرًا كَثِيْرًاۙ۰۰۴۱ وَّ سَبِّحُوْهُ بُكْرَةً وَّاَصِيْلًا۰۰۴۲﴾(الأحزاب)
’’اے ایمان والو! اللہ کو خوب کثرت سے یاد کیا کرو اور صبح و شام اس کی تسبیح کرتے رہو۔‘‘

درسِ حدیث
تین بہترین اموال
سیدنا ثوبانt سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ
جب یہ آیت نازل ہوئی (جس کا ترجمہ ہے) جو لوگ سونا چاندی جمع کرتے ہیں تا آخر آیت اس وقت ہم نبی کریمe کے ساتھ کسی سفر میں شریک تھے اس آیت کو سن کر بعض صحابہ کرام] نے کہا یہ آیت سونے اور چاندی (کی مذمت) میں نازل ہوئی ہے۔ کاش ہمیں پتہ چل جائے کہ کونسا مال بہتر ہے ہم (سونے چاندی کے بجائے) وہ مال حاصل کر لیں آپe نے فرمایا: ’’بہترین مال وہ زبان ہے جو اللہ کے ذکر میں مشغول رہتی ہے اور وہ دل ہے جو شکر ادا کرتا ہو اور وہ ایمان دار بیوی ہے جو دینی معاملات میں خاوند کی مددگار بنتی ہے۔‘‘ (احمد، ترمذی، ابن ماجہ)
صحابہ کرام] کی ہر وقت یہی کوشش ہوتی تھی کہ کسی نہ کسی طرح نیکیاں حاصل کر لیں اور ایسا عمل کریں جو دنیا و آخرت کے لئے نفع بخش ہو۔ جب سفر کے دوران ﴿وَ الَّذِيْنَ يَكْنِزُوْنَ الذَّهَبَ وَ الْفِضَّةَ﴾ تا آخر سورہ نازل ہوئی تو انہیں فکر لاحق ہوئی کہ سونا چاندی جمع کرنا تو جہنم کی آگ کو دعوت دینا ہے۔ لہٰذا ہمیں کسی ایسے مال کا علم ہو جائے جو ہمارے لئے نفع بخش ہو۔ ہم وہ مال جمع کر لیں، رسول اللہe نے ان کی بات سن کر فرمایا تین چیزیں بہترین مال ہیں۔ پہلی چیز وہ زبان ہے جس پر ہمیشہ اللہ کا ذکر جاری رہتا ہو۔ اسلام نے زبان کی حفاظت کرنے کی بہت زیادہ تاکید کی ہے سچی زبان، عمدہ کلام اور خوش گفتاری بہترین مال ہے اور دوسری بہترین چیز جسے رسول اللہe نے عمدہ مال قرار دیا ہے وہ ایسا دل ہے جو اللہ کا شکر ادا کرتا ہو۔ شکر گزار بندہ ہمیشہ صاف دل والا ہوتا ہے اور جو دل اللہ کی یاد سے غافل ہو وہ شکر ادا نہیں کرتا اور تیسری چیز ہے جسے آپe نے عمدہ مال قرار دیا وہ ایمان دار بیوی ہے جو نیکی کے کاموں میں اپنے خاوند کا ہاتھ بٹائے۔ نیک کاموں کی ادائیگی کے لئے اسے فارغ رکھے، ہمیشہ اپنے ہی معاملات میں نہ پھنسائے رکھے بلکہ نیکی کا سبق بھی دے اور نیکی کرنے کے لئے اسے وقت بھی دے۔ آپe نے فرمایا: ’’وہ جوڑا انتہائی خوش بخت جو ایک دوسرے کو نماز کے لئے جگائے اور نیکی میں معاونت کرے۔ ‘‘
سیدنا ابوہریرہt سے روایت ہے کہ رسول اللہe نے فرمایا: ’’مجھے اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! دنیا اس وقت تک ختم نہ ہو گی جب تک لوگوں پر ایسا وقت نہ آجائے کہ قاتل کو یہ معلوم نہ ہو کہ اس نے کس سبب سے قتل کیا ہے اور مقتول کو یہ علم نہ ہو کہ وہ کس جرم میں قتل ہوا ہے۔‘‘ آپe سے عرض کیا گیا کہ ایسے کس طرح ہو گا؟ فرمایا: ’’فتنہ فساد کے ذریعے۔ قاتل اور مقتول دونوں آگ میں ہوں گے۔‘‘
اس کو پڑھیں:    صبر‘ شیوۂ پیغمبر (اول) 
رسول مقبولe نے رب تعالیٰ کی قسم کھا کر اپنی امت کو یقین دلانے کے لیے فرمایا کہ دنیا کے ختم ہونے سے پہلے بہت سے فتنے فساد سر اٹھائیں گے‘ ان میں سے ایک فتنہ یہ بھی ہو گا کہ قاتل کو یہ معلوم نہیں ہو گا کہ وہ اپنے مدمقابل کو کیوں قتل کر رہا ہے اور نہ ہی مقتول کو  علم ہو گا کہ اسے کس جرم کی پاداش میں قتل کیا جا رہا ہے۔
حضورe کو یقین دلانے کے لیے قسم کھانے کی ضرورت اس لیے محسوس ہوئی کہ وہ امن کا دور تھا‘ ایثار وقربانی ان کی عادت تھی‘ وہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ بلا جواز اور بلاوجہ قتل وغارت شروع ہو جائے گی۔ اگرچہ صحابہ کرام] حضورe کی ہر بات کسی دلیل اور قسم کے بغیر مانتے تھے پھر بھی حضورe نے تاکید اور تائید کے لیے قسم کھائی۔ ان حالات کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ وہ وقت آچکا ہے‘ شرپسند عناصر بے گناہ شہریوں کو بے دھڑک قتل کر رہے ہیں‘ دہشت گردوں کے مظالم کچھ بھی ہوں مگر جس شخص کو قتل کرتے ہیں اس سے ان کی کوئی ذاتی رنجش نہیں ہوتی اور نہ ہی اس معصوم شہری سے کوئی جرم سرزد ہوتا ہے کہ اسے قتل کر دیا جائے۔
فتنہ وفساد کا زمانہ انتہائی خطرناک ہوتا ہے۔ اس دور میں حکومت کی ذمہ داری بہت حد تک بڑھ جاتی ہے کہ وہ تمام قسم کے مسائل کو بروئے کار لا کر شہریوں کی جان ومال کا تحفظ کرے اور شرعی قانون کے مطابق سزائیں دے۔ فتنے کے دور میں ہر کوئی دوسرے کو قتل کرنے کے درپے ہوتا ہے‘ اس لیے حضورe نے فرمایا: ’’قاتل اور مقتول دونوں دوزخی ہیں۔‘‘ قاتل اس لیے کہ اس نے ناحق قتل کیا ہے اور مقتول اس لیے کہ وہ اپنے قاتل کو قتل کرنا چاہتا تھا مگر کامیاب نہ ہو سکا‘ لیکن اگر کوئی ظلماً قتل ہو جائے تو وہ اس زمرے میں نہیں آتا۔


No comments:

Post a Comment

Pages