رابطہ علماء کنونشن ... گوجرانوالہ 11-20 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Friday, March 13, 2020

رابطہ علماء کنونشن ... گوجرانوالہ 11-20


رابطہ علماء کنونشن ... گوجرانوالہ

رپورٹ: جناب حافظ محمد عباس راشد
مرکزی جمعیت اہلحدیث سٹی گوجرانوالہ کے حلقہ الشیخ ابوالبرکات احمدؒ کے زیر اہتمام دوسرا تربیتی ’’رابطہ علماء کنونشن‘‘ یکم مارچ بعد نماز عشاء جامع مسجد محمدی اہلحدیث نوشہرہ روڈ میں منعقد ہوا۔ کنونشن کی صدارت صدر انتظامیہ مسجد جناب حاجی شیخ محمد نعیم نے کی جبکہ شہری جمعیت کے قائدین سٹی امیر پروفیسر محمد سعید کلیروی، سرپرست مولانامحمد صادق عتیق، صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف، ناظم شہر مولانا محمد ابرار ظہیر ، ناظم مالیات جناب عبد الرحمان بٹ حفظہم اللہ مہمانان خصوصی تھے۔
کنونشن کے مقاصد میں تنظیمی روابط کو منظم کرنا، جماعت میں تحرک وفعالیت پیدا کرنا اور بالخصوص شعبہ تبلیغ وخدمت خلق کو فعال کرنا شامل تھا۔ امیر سٹی پروفیسر محمد سعید کلیروی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
’’سیکولرزم کی آڑ میں قادیانی لابی پاکستان کے آئین میں تبدیلی کا منصوبہ لئے پھر رہی ہے، حکومتی صفوں میں قادیانیوں کا بڑھتا ہوا اثر ورسوخ افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔‘‘
مولانا محمد ابرار ظہیر نے کہا کہ
’’ملک میں آئے روز یورپین فنڈڈ این جی اوز اسلام مخالف کوئی نہ کوئی تحریک چلائے رکھتی ہیں، آج کل ’’عورت مارچ‘‘ کے نام پر پاکستان کی اسلامی و مشرقی اقدار و روایات کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں، سادہ لوح خواتین کو گمراہ کیا جا رہا ہے، ان حالات میں علمائے کرام کو چاہئے کہ وہ اپنے خطبات جمعہ و دروس میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عامۃ الناس کی اصلاح کریں۔ جماعتی آرگن اورترجمان ہفت روزہ اہلحدیث کی خریداری لازمی بنائیں۔ تمام کابینہ کے ارکان ہفت روزہ اہلحدیث لازمی خریدیں۔‘‘
صاحبزادہ حافظ محمد عمران عریف نے کہا کہ
’’بھارتی دارالحکومت دہلی میں مسلسل مسلم کش فسادات مودی کی فاشسٹ ذہنیت کاتو مظاہرہ ہیں ہی مگر افسوس کہ دنیا بھی اس پر شرمناک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔‘‘
مولانا محمد صادق عتیق نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’لاکھوں جانوں کی قربانی دیکر حاصل کئے گئے وطن عزیزکی بقاء و استحکام کی ضمانت صرف اور صرف نظام اسلام میں ہے۔‘‘
امیر حلقہ قاری محمد شفیق بٹ نے قائدین شہر کو یقین دلایا کہ ’’ہم اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہمیشہ آپ کے دست وبازو بنیں گے۔‘‘
کنونشن سے مولانا میاں محمد سلیم شاہد،ناظم حلقہ مولانا سلیمان یزدانی، مولانا امتیاز محمدی، ناظم تبلیغ حلقہ مولانا قاری افضل شاکر، سٹی نائب امراء مولانا عبید الرحمان اعظم، مولاناحافظ عبد الشکور شیخوپوری اور دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔


No comments:

Post a Comment

Pages