اعمال ایسے کہ رب روٹھے 13-20 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Sunday, April 12, 2020

اعمال ایسے کہ رب روٹھے 13-20


اعمال ایسے کہ رب روٹھے

تحریر: جناب حافظ محمد الیاس اثری
دین اسلام واحد وہ دین ہے جو کامل امن و سلامتی کا ضامن ہے۔ اسلام ایسے اصول و ضوابط بتلاتا ہے جنہیں اختیار کر کے امن قائم کیا جاسکتا ہے ،یہی وہ دین حنیف ہے جو حصول جنت کی ترغیب دینے کے ساتھ دخول جنت والے اعمال و ذرائع بھی بیان کرتا ہے۔ یہ ترہیب جہنم کے ساتھ آتش دوزخ سے بچاؤ کا لائحہ عمل بھی بتلاتا ہے۔ حصول جنت اور جہنم سے بچاؤ کے بنیادی عوامل و اسباب اور کلیدی اعمال میں سے ایمان و توحید بھی ہے، بلکہ شریعت کا اصل مطلوب و مقصود ہی یہی ہے اور اسی کی بنا پر دیگر اعمال قبول ہو کر جنت نصیب ہوتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’جن لوگوں نے ایمان لانے کے بعد اعمالِ صالحہ کو انجام دیا، یہی جنت کے مالک ہیں جس میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔‘‘ (البقرۃ۲:۸۲)
اس کو پڑھیں:   فضائل ماہِ رجب
رسول اللہe نے ایمان کو کلید ِجنت قرار دیتے ہوئے فرمایا:
’’قسم ہے اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! تم صاحب ایمان ہونے تک جنت میں داخل نہیں ہوسکتے‘‘(صحیح مسلم: ۵۴)
کچھ ایسے اعمال بھی ہیں جن کی وجہ سے آدمی خود کو صاحبِ ایمان سمجھنے کے باوجود رحمت الٰہی کا حقدار قرار نہیں پاتا اور رب کی ناراضی اس کا مقدر ٹھہرتی ہے، جیسے کہ شرک ہے۔ اس کی سنگینی بیان کرتے ہوئے رب تعالیٰ نے فرمایا:
’’بلاشبہ جو اللہ کے سوا کسی کو شریک بنائے گا، اس پر اللہ نے جنت کو حرام کر دیا ہے، اس کا ٹھکانہ آتش دوزخ ہے اور ظالموں کا کوئی مدد گار نہیں ہو گا۔‘‘ (المائدہ:۵/۷۲)
شریعت اسلامیہ نے اس شرک جیسے مہلک مرض سے بچنے کے لیے تمام وہ رستے مسدود کردیئے جن کا بالواسطہ یا بلا واسطہ شرک سے تعلق ہے تاکہ ایک بندہ مؤمن اپنے ایمان کو بچا کر جنت کا حقدار بن سکے۔ انہی شرکیہ اور اعمالِ بد میں سے چند ایک کا ذیل میں تذکرہ کیا جاتا ہے۔
 ۱۔نظر بد:
نظر بد لگنا ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ اس کے متعلق رسول اللہeنے فرمایا: [اَلْعَیْنُ حَقُّ] (صحیح البخاری، ۵۷۴۰) ’’نظر لگنا برحق ہے۔‘‘
خود رسول اﷲe نے نظر بد سے بچنے کا طریقہ بھی بتلایا ہے۔ اس کے لیے آپ اپنے نواسے سیدنا حسن اور سیدنا حسینw کو یہ دعا پڑھ کر دم کیا کرتے تھے
[اَعُوذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّۃِ مِنْ کُلِّ شَیْطَانٍ وَھَامَّۃٍ وَمِنْ کُلِّ عَیْنٍ لَامَّۃٍ۔] (البخاری:۳۳۷۱)
نظر بد سے بچاؤ کے لیے مسنون عمل چھوڑ کر شرکیہ اور غیر مسنون طریقہ کار اختیار کرنا ایمان کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ جیسے: مکان پر اوندھی ہنڈیا رکھنا، گاڑی وغیرہ کے سامنے یا پیچھے جوتا لٹکانا، سیاہ کپڑا باندھنا یا شرکیہ تعویذ لٹکانا۔ اسی طرح کسی قسم کی دھات، لکڑی اور پتھر کے متعلق نفع یا نقصان کا عقیدہ رکھنا سراسر غلط اور شرکیہ عمل ہے، جس سے اجتناب ضرور ی ہے۔
 ۲۔ حصول نفع کے لیے انگوٹھی پہننا:
عورتوں کی طرح مردوں کے لیے بھی چاندی کی انگوٹھی پہننا جائز ہے۔ لیکن حصولِ منفعت یا دفع بلا کے لیے کسی قسم کی بھی انگوٹھی پہننا بالکل ناجائز اور شرکیہ عمل ہے، کیونکہ اس میں غیر اللہ کے لیے الٰہی اختیارات کو ثابت کرنا ہے۔ حدیث مبارکہ میں مذکور ہے کہ ایک آدمی رسول اللہeکی خدمت میں حاضر ہوا۔ اس نے پیتل کی انگوٹھی پہنی ہوئی تھی، آپ اس سے پوچھتے ہیں کہ یہ کیا ہے؟ وہ کہتا ہے کہ یہ بیماری سے بچائو کے لیے ہے۔ اس پر آپ فرماتے ہیں کہ اس سے تو تیری بیماری میں اضافہ ہی ہوگا اور کچھ نہیں۔ (المعجم الکبیر: ۷۶۰۰)
اس کو پڑھیں:   سوالات کے آداب
 ۳۔ بیماری سے بچاؤ کے لیے کڑا پہننا:
حصول نفع یا نقصان سے بچاؤ کے لیے بازو یا ٹانگ میں کڑا پہننا بھی ممنوع اور شرکیہ عمل ہے۔ سیدنا سیدنا عمرانt بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہeنے ایک آدمی کو بازو میں پیتل کا کڑا پہنے دیکھ کر فرمایا: تم پر صد افسوس! یہ کیا ہے؟ وہ بولا کہ یہ بیماری اور کمزوری کا علاج ہے۔ آپe نے فرمایا: اس سے تو تیری بیماری اور کمزوری مزید بڑھے گی، جلدی کرو ابھی اتار دو، اگر اسی حالت میں تیری موت واقع ہو گئی تو کبھی نجات نہیں پائے گا۔ (مسند احمد: ۲۰۰۰۰)
 ۴۔شرکیہ دم کیا دھاگا باندھنا یا تعویذ لٹکانا:
کسی بھی نیک یا برے مقصد سے ہاتھ ،پائوں، یا گلے میں دھاگا باندھنا بھی شرکیہ عمل ہے جس سے احتراز ضروری ہے ۔ اس کی دلیل سیدنا عبد اللہ بن مسعودt سے منقول حدیث ہے، ایک روز سیدنا عبداللہt اپنے گھر آئے تو اپنی بیوی کو گلے میں دھاگا باندھے دیکھ کر پوچھتے ہیں کہ یہ کیا ہے؟! بتلایا کہ بیماری کی وجہ سے فلاں عورت سے دم کر و ا کر ڈالا ہے۔ سیدنا عبداللہt غصے سے دھاگے کو توڑ کر پھینک دیتے ہیں اور فرماتے ہیں: عبداللہ کے گھر والے تو اس شرک سے بیزار ہیں۔ میں نے رسول اللہe کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ
[اِنَّ الرُّقیٰ وَالتَّمائِمَ وَالتِّولَۃَ شِرْکٌ۔]
اس پر ان کی بیوی کہتی ہیں کہ آپ ایسے کیوں کہہ رہے ہیں۔ میری آنکھ میں تکلیف تھی، فلاں یہودی سے دم کروانے پر وہ رک جاتی۔ سیدنا عبد اللہt فرماتے ہیں کہ یہ شیطان کی کارستانی تھی۔ وہ اپنے ہاتھ سے یہ شرارت کر رہا تھا، جب یہودی سے دم کرواتی تو وہ شرارت کرنے سے رک جاتا۔ تجھے اس طرح کرنا چاہیے تھا جس طرح رسول اللہeکیا کرتے تھے، آپ پڑھا کرتے تھے:
[اَذْھِبِ الْبَأسَ رَبَّ النَّاسِ واِشْفِ اَنْتَ الشَّافِی لَاشِفائَ اِلّاشِفَائُ کَ شِفَائً لَایُغَادِرُ سَقَمًا۔] (مسنداحمد:۳۵۱۵)
اس سے ایک تو یہ معلوم ہوا کہ صرف کسی بزرگ کی نسبت سے تو کیا، دم کیا ہوا دھاگا بھی ناجائز ہے۔ کسی کے دم سے کوئی تکلیف ختم ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ وہ عمل درست ہے، بلکہ دم کرنے والے آدمی کا بھی توحید پرست ہونا ضروری ہے، وگرنہ وہ شرکیہ دم کردے گا جس سے شیطان کا مطلب پورا ہونے پر وہ تکلیف دینے سے رک جائے گا۔
اسی طرح ابن ابی شیبہ میں ایک واقعہ مذکور ہے۔ سیدنا حذیفہt ایک آدمی کی بیمارپرسی کے لیے گئے، دیکھتے ہیں کہ اس نے اپنے بازو پر دھاگہ باندھا ہوا ہے، اس سے پوچھتے ہیں کہ یہ کیا ہے؟! وہ بولا کہ یہ دھاگہ دم کیا ہوا ہے۔ سیدنا حذیفہt اس دھاگے کو کھینچ کر توڑ دیتے ہیں اور فرماتے ہیں [لَوْمُتَّ مَاصَلَّیْتُ عَلَیْکَ۔] (ابن ابی شیبہ:۲۳۴۶۳)
’’اگر اسی طرح تیری موت واقع ہوجاتی تو میں کبھی تیری نمازجنازہ نہ پڑھاتا۔‘‘
اس کو پڑھیں:   صحبت صالح ترا صالح کند
 ۵۔ ستاروں کی گردش پر یقین رکھنا:
نجومی نجم سے ہے۔ نجم کا معنی ستارہ ہے۔ نجومی کا مطلب ہے ستاروں سے حساب و کتا ب لگانے والا۔ کسی ایسے آدمی کے پاس جانا بالکل حرام ہے جو ستاروں کے ذریعے’’ کل کیسا گزرے گا‘‘ کی باتیںبتائے یا حالات کی خرابی اور بہتری کی خبر دے کیونکہ ستاروں میں کسی طرح کا کرشمہ ماننا کفر ہے۔ حدیث مبارکہ ہے کہ ایک دفعہ بارش ہوئی، آنحضرتe نے نماز پڑھانے کے بعد صحابہy کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: جس نے کہا کہ اللہ کی رحمت اور اس کے فضل سے بارس ہوئی ہے اس نے ستاروں کا کفر کیا اور اللہ پر ایمان کا اظہار کیا جس نے کہا کہ فلاں فلاں ستارے کی وجہ سے بارش ہوئی ہے اس نے اللہ کا کفر کیا اور وہ ستارے پر ایمان لایا۔ (صحیح البخاری : ۴۱۴۷صحیح مسلم: ۷۱)
 ۶۔مظاہرِ قدرت میں کرشمہ ماننا:
مظاہرِ قدرت کو کسی طرح کا کرشمہ ماننا بھی شرعی طور پر ناجائز ہے۔ اس کی مثال حدیث مبارکہ سے بھی ملتی ہے۔ رسول اللہe کے بیٹے سیدنا ابراہیم کی وفات پر سورج کو گرہن لگا۔ کافر کہنے لگے کہ حضرت ابراہیم کی وفات کی وجہ سے گرہن لگا ہے۔ آپe نے اس باطل عقیدے کا رد کرتے ہوئے فرمایا:
’’ان سورج اور چاند کو کسی کی موت اور پیدائش کی وجہ سے گرہن نہیں لگتا جب تم انہیں اس حالت میں دیکھو تو نماز پڑھو اور اللہ سے دعا کرو۔‘‘ (البخاری: ۱۰۴۳ و صحیح مسلم:۹۰۱)
ایک حدیث میں آپe نے فرمایا:
’’میری امت میں چار کام دورِ جاہلیت کے ہیں… ستاروں کے ذریعے بارش مانگنا‘ سورج، چاند، ستاروں، سیاروں یا دیگر خلائی یا زمینی مخلوق میں کس طرح کا کرشمہ ماننا اور پھر اس سے نفع یا نقصان کا عقیدہ رکھنا شرکیہ عمل ہے۔‘‘ (صحیح مسلم:۹۳۴)
 ۷۔ کاہن اور عرّاف کے پاس جانا:
کاہن یا عرّاف ہر وہ آدمی ہے جو ہاتھ کی لکیر دیکھ کر، خط کھینچ کر، کنکریوں کے ذریعے یا کسی اور علم کا دعویٰ کرتے ہوئے ماضی یا مستقبل کی غیبی خبریں دے، ایسے آدمی کے پاس قسمت معلوم کروانا یا ہاتھ دکھانے کے لیے جانا منع ہے۔ رسول اللہe نے اس کی سخت وعید بیان کرتے ہوئے فرمایا:
’’جو غیب کی باتیں بتانے والے کسی کاہن یا عرّاف کے پاس جا کر اس کی تصدیق کرتا ہے اس نے محمدeپر نازل ہونے والی وحی کا انکار کر دیا۔‘‘ (ابوداؤد: ۳۹۰۴)
 ۸۔ جادو ٹونا کرنا کروانا:
جادو برحق ہے، لیکن جادو کرنا یا کروانا حرام ہے۔ جادوگر اگرچہ باذن اﷲ ہی اپنے غلط مقصد میں کامیاب ہوتا ہے لیکن پھر بھی جادو کے ذریعے مطلوب تک پہنچنا شرعاً ممنوع اور کبیرہ گناہ ہے۔ قرآن کریم میں عمل جادو کو کفر قرار دیا گیا ہے۔ رسول اﷲe نے سات ہلاک کرنے والے امور بتلائے، فرمایا: [اجْتَنِبُوا السَّبْعَ الْمُوبِقَاتِ۔] (صحیح البخاری :۲۷۶۶ )ان سات میں سے ایک جادو بھی ہے۔
جادو کی سنگینی کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس بھیانک دھندے میں مبتلا جادوگر کی سزا قتل ہے۔ سیدنا عمر فاروقt نے اپنے عہد خلافت میں باقاعدہ یہ حکم نامہ جاری کیا تھا کہ تمام جادوگر مرد عورت قتل کر دیے جائیں۔
جادو کا علاج بذریعہ جادو کروانا بھی ناجائز ہے۔ جادو کا علاج جائز دم اور قرآنی آیات کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔
آج کل کرونا وائرس کا دور دورہ ہے۔ ہر طرف خوف وہراس اور دہشت کی فضا قائم ہے۔ سکول وکالج اور مدارس بند کر دیئے گئے ہیں۔ وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے اور اور پھیلاؤ سے متعلق شرعی ہدایات موجود ہیں۔ وہ یہ کہ اگر کسی مقام پر وباء پھوٹ پڑے تو اس علاقے سے کوئی شخص باہر نہ نکلے اور نہ ہی اس جگہ پر کوئی شخص جائے۔ باقی وباء کے پھیلنے پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں لیکن توہمات سے اجتناب کیا جائے۔ پانچ وقت نماز کی پابندی کریں‘ استغفار کریں‘ صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ شرعی دم کر سکتے ہیں لیکن تعویذ دھاگا‘ غیر شرعی دم جھاڑ پھونک‘ جاہلانہ طریقوں اور شرکیہ امور سے اجتناب ضروری ہے۔


No comments:

Post a Comment

Pages