خیبر پختونخواہ صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس 20-16 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Saturday, August 29, 2020

خیبر پختونخواہ صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس 20-16

ھفت روزہ اھل حدیث، خیبر پختونخواہ، صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس

خیبر پختونخواہ صوبائی مجلس شوریٰ کا اجلاس

رپورٹ: شعبہ نشر واشاعت مرکزی جمعیت اہل حدیث خیبر پختونخواہ
مورخہ ۲۳ اگست ۲۰۲۰ء مرکزی جمعیت اہل حدیث خیبر پختونخواہ کی صوبائی مجلس شوری کا اجلاس جامعہ اثریہ چمکنی پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے چترال سے لے کر ڈیرہ اسماعیل خان تک کے اضلاع سے اراکین مجلس شوریٰ اور ضلعی امراء وناظمین نے شرکت کی۔ اجلاس کے مہمان خصوصی مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم صاحب تھے۔ ان کے ہمراہ وفد میں نائب ناظم اعلیٰ شیخ عتیق الرحمن شاہ کشمیری اور آزاد جموں کشمیر کے ناظم اعلیٰ جناب دانیال شھاب مدنی بھی شامل تھے۔ اجلاس میں تمام امراء وناظمین نے اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کے لئے جماعتی نظم ونسق کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز دیں۔ ہر ضلع میں اجتماع کے انعقاد اور پھر صوبائی اجتماع کے بارے میں تجاویز دی گئیں۔
اجلاس سے مہمان خصوصی جناب سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم صاحب نے خصوصی خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی جماعتی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنا کامیاب اور بھرپور اجلاس منعقد ہوا ہے ، جس پر انہوں نے صوبائی ذمہ داران اور بالخصوص امیر صوبہ خیبر پختونخوا مولانا محمد روح اللہ توحیدی اور نائب ناظم اعلیٰ عمر بن عبد العزیز کا  خصوصی شکریہ ادا کیا ، انہوں نے تنظیمی امور کو مزید احسن اور بہتر بنانے اور خاص کر علماء کو قرآن وسنت کی دعوت عام کرنے پر زور دیا۔ تاکہ اہل حدیث کی دعوت ہر جگہ پہنچ جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علماء قرآن وسنت کی دعوت کو عام مسلمانوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں، مسلمانوں کا اتفاق اور اتحاد وقت کی اشد ضرورت ہے، علماء کرام قرآن وسنت کی دعوت اور عقیدہ توحید کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں، تنظیمی فعالیت کے لئے مرکزی جمعیت اہل حدیث کی دعوت ہر جگہ پہنچائیں۔
اجلاس سے شیخ عتیق الرحمن شاہ کشمیری صاحب نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے اتفاق اور اتحاد پر زور دیا اور صوبائی اراکین کی بے مثال خدمات کو سراہا اور تمام علماء امراء وناظمین کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں کوئٹہ سے شیخ ابو تراب حفظہ اللہ کے بھائی شیخ امین اللہ صاحب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس کے علاوہ صوبائی ناظم مالیات حاجی ایوب صاحب‘ شیخ عبد الحمید رحمتی اور شیخ عبد الرب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خیبر پختونخواہ کے ناظم اعلیٰ جناب ڈاکٹر ذاکر شاہ صاحب نے بھی خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے ناظم اعلیٰ صاحب اور صوبہ بھر سے آئے ہوئے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا اور تنظیمی امور کو منظم کرنے پر زور دیا۔
امیر صوبہ خیبر پختون خواہ جناب شیخ روح اللہ توحیدی نے بھی تمام اضلاع کے امراء وناظمین کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور تنظیمی امور کو مزید بہتر بنانے اور جماعت کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے مرکزی ناظم اعلیٰ جناب سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم صاحب کا صوبائی اجلاس میں شرکت کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مجلس شوریٰ میں مختلف اضلاع کو درپیش بعض مسائل، مشکلات اور خدشات پر اعتماد میں لیا اور بعض شبہات کے جوابات دے کر انہیں بروقت دور کر دیا۔
اجلاس سے نائب ناظم اعلیٰ جناب عمر بن عبدالعزیز صاحب نے اپنے خطاب میں تمام علماء اور امراء وناظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مرکزی قائدین کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیں قیمتی وقت دیکر ہماری حوصلہ افزائی فرمائی۔ اجلاس سے نائب امیر صوبہ شیخ عبدالبصیر المدنی نے بھی خطاب کیا۔ اضلاع کے امراء وناظمین کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا اور انکو اپنی فعالیت مزید تیز اور بہتر بنانے کی ترغیب دی۔ اجلاس کے تمام اراکین سے فضیلۃ الشیخ عبدالعزیز نورستانی حفظہ اللہ نے بھی خطاب کیا اور تمام اراکین کو قرآن وسنت کی دعوت عام کرنے پر زور دیا اور انکی عقیدہ کے لیے خدمات کو سراہا۔ ان کے حق میں کامیابی کی دعا کی اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ آخر میں اجلاس امیر صاحب کے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ تمام مہمانوں کے لئے ادارہ جامعہ اثریہ چمکنی پشاور کے اراکین نے پرتکلف ظہرانے کا انتظام کیا تھا۔ ظہرانے کے بعد تمام علماء امراء اس عزم کے ساتھ رخصت ہوئے کہ قرآن وسنت کی دعوت کو عام کرینگے اور تنظیمی فعالیت کو مزید بہتر بنائیں گے۔ ان شاء اللہ۔
http://www.noorequraan.live/


No comments:

Post a Comment

Pages