مرکزی ناظم اعلیٰ وصوبائی قائدین کا دورۂ ساہیوال 20-23 - ھفت روزہ اھل حدیث

تازہ ترین

Thursday, October 22, 2020

مرکزی ناظم اعلیٰ وصوبائی قائدین کا دورۂ ساہیوال 20-23

ھفت روزہ اھل حدیث, جماعتی, جماعتی سرگرمیاں, ساھیوال, دورۂ ساہیوال,
 

مرکزی ناظم اعلیٰ وصوبائی قائدین کا دورۂ ساہیوال

رپورٹ: جناب قاری محمد حسن سلفی

مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے نومنتخب امیر مولانا عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ وناظم اعلیٰ مولانا حافظ محمدیونس آزادحفظہ اللہ نے اپنی کابینہ کے پہلے اجلاس میں یہ طے کیا کہ مختلف اضلاع کے دورے کئے جائیں گے اسی سلسلہ میں مورخہ ۳ستمبر ۲۰۲۰ء بروز ہفتہ صبح ۱۱ بجے پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ وناظم اعلیٰ مولانا حافظ محمدیونس آزادحفظہ اللہ کے ساہیوال آنے کا شیڈول ضلعی قیادت کو موصول ہوا، انتظامات شروع کردئیے گئے۔

یہ پڑھیں:          تحفظ نظریہ پاکستان ریلی ... ایک نظر

جامعہ رحیمیہ فتح شیر روڈ میں ضلعی اجلاس اور تحفظ ناموس صحابہ سیمینارکے انعقادکا فیصلہ ہواپروگرام سے چند دن پہلے یہ خوش خبری ملی کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ محترم ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اور سینئر نائب ناظم اعلیٰ مولانا محمدنعیم بٹ حفظہ اللہ بھی ساتھ تشریف لارہے ہیں تو خوشی کی انتہا نہ رہی پاک پتن چوک میں استقبال کرناطے پایا ۳ ستمبر کو صبح ۸ بجے ہی کارکنا ن پاک پتن چوک میں پہنچنا شروع ہوگئے ،قائدین کے ساہیوال پہنچنے پر چوک پاک پتن میں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، ضلعی امیر الحاج حافظ محمد ظفراللہ خاں ،ضلعی ناظم قاری اظہاراحمداپنے رفقاء کرام کے ہمراہ چشم براہ تھے ،زبردست گل پاشی کی گئی ایک بڑی ریلی جس میں سیکڑوں موٹرسائیکلز اورگاڑیاں شامل تھیں اور ایک گاڑی پر سائونڈ سسٹم میں جماعت کے ترانے گونج رہے تھے ضلعی صدر قاری محمدحسن سلفی ، قاری محمدیوسف فاروقی اور قاری شکیل عاصم نے مائک پر قائدین کو خوش آمدید کہا زبردست نعرے بازی ہوتی رہی یہ ریلی جوگی چوک ، صدر چوک ، ٹینکی چوک اور ختم نبوت چوک سے ہوتی ہوئی ایک بڑے قافلے کی صورت میں جامعہ رحیمیہ فتح شیر روڈ پہنچی یہاں پرتحفظ ناموس صحابہ سیمینار ہو اسیمینار کی صدار ت ضلعی امیر الحاج حافظ محمدظفراللہ خاں نے کی نقابت کے فرائض مولانا قاری اظہار احمد بلوچ نے سرانجام دیئے ،سیمینار میں دونوں تحصیلوں کے اراکین شوریٰ ،کابینہ اور ذیلی تنظیمات کے عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی،قاری محمدصدیق اظہری اور مولانا عبداللہ فاروقی چیچہ وطنی سے ایک بڑا قافلہ لے کر پہنچے ،جامعہ رحیمیہ کی مسجد کا ہال برآمدہ اور صحن شرکاء سے بھرا ہوا تھا جوش وخروش دیدنی تھا، تلاوت ونعت کے بعد قائدین نے خطابات کئے ۔

یہ پڑھیں:          تحریک آزادی اور علمائے اہل حدیث

مولانا حافظ محمد یونس آزاد حفظہ اللہ :

مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے ناظم اعلیٰ حافظ محمدیونس آزاد نے ضلعی قیادت کا شاندار استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیااور کہا کہ میں تواجلاس میں کارکنان سے مقامی مسائل سننا زیادہ پسند کرتاتھا آپ نے ایک عظیم الشان سیمینار کا ماحول بنا دیا ہے ،انہوں نے کہا میں ہر اہل حدیث کارکن کے تحفظ کیلئے آخری حد تک جاؤں گا اب سستی اور غفلت سے کام نہیں چلے گا ہم خود بھی بیدار رہیں گے اور تمہیں بھی بیدار رکھیں گے اب جاگنا ہوگا اس لئے کہ امت کو اب اہل حدیث کی قیادت کی ضرورت ہے انہوں نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں فرمایا کہ ناموس صحابہ ؓ اور ناموس رسالت کا تحفظ ہم کریں گے اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔

مولانا محمدنعیم بٹ حفظہ اللہ :

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ مولانا محمدنعیم بٹ نے اپنے خطاب میں فرمایاکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہر میدان میں سرگرم عمل ہے آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ کو جماعت بھی سچی ملی ہے اور قیادت میں روشن ضمیر اور زندہ دل ملی ہے، ناموس صحابہ ، حرمت رسول ، حرمت قرآن ، اصلاح معاشرہ ، ختم نبوت اور معاشرے کا کوئی میدان ایسا نہیں ملے گا جس میں مرکزی جمعیت اہل حدیث فعال اور متحرک نہ ہو۔

مولانا عبدالرشید حجازی حفظہ اللہ :

مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر مولانا عبدالرشید حجازی نے بھی اجلاس کی اہمیت پر زور دیا کہ سیمینار تو ہوتے رہتے ہیں اب تنظیم کی بہتری کیلئے کام کرنا ہوگا انہوں نے اپنے خطاب میں دونوں تحصیلوں کی مجلس شوریٰ کی حاضری ملاحظہ کی ، پھر ذیلی تنظیمات کے ذمہ داران کی حاضری اور موجودگی پر بات کی انہوں نے کہا کہ

’’مساجد کی فہرستیں جلد مرتب کی جائیں ہر مسجد سے زیادہ سے زیادہ تین افراد رکن شوریٰ ہو سکیں گے اور کم از کم ایک رکن‘ مقامی یونٹ مسجد ہو گا ہفت روزہ اہل حدیث ہر رکن شوریٰ تک جا نا چاہیے جس کے پاس ہفت روزہ اہل حدیث نہیں جاتا وہ جماعت کا ذمہ دار کیسے ہوسکتاہے۔‘‘

انہوں نے شوریٰ اور مساجد کی فہرستیں جلد مرتب کرنے پر زور دیا پیغام ٹی وی کے حوالے سے رپورٹ طلب کی کہ آپ کے ضلع میں کوئی جگہ ایسی نہ ہو جہاں پیغام ٹی وی نہ چل رہاہو د وماہ کے اندر اندر مجلس شوریٰ مرتب کرکے مرکز تک ارسا ل کرنے پر زور دیا، اور فرمایا کہ ضلعی اور تحصیلی دفاتر جلد قائم کئے جائیں امیر ضلع اور ناظم ضلع نے تمام ہدایات پر جلد عمل کرکے رپورٹ مرکز کو ارسال کرنے کا عزم کیا ۔

یہ پڑھیں:          حج 2020ء .... سعودی حکمت عملی

ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ :

خطاب سے پہلے انہوں نے ضلع ساہیوال کے ۱۰ حلقہ جات کے امراء ،ناظمین اور ناظمین تبلیغ کو نامزدگی لیٹر اپنے دست مبارک سے دئیے جب حضرت ناظم اعلیٰ کو دعوت خطاب دی گئی تو فضا ،ہمت والا جرأت والا …ناظم اعلیٰ …ناظم اعلیٰ سے گو نج اٹھی انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ

’’ہم ناموس صحابہ ؓ کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں گے ختم نبوت کی چوکیداری کرتے رہیں گے ختم نبوت پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مقابلہ اپنی جانوں پر کھیل کرکریں گے اسلام پر جتنے حملے اس دور حکومت میں ہوئے اتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے کبھی مرزائیوں کو مشیر بنایا جاتاہے تو کبھی انہیں کلیدی عہدوں پر بٹھایا جاتاہے صحابہؓ کرام کے گستاخوں کو ملک سے فرار کرا دیاجاتاہے ملک میں فرقہ ورایت کو ہوا سوچی سمجھی سازش کے تحت دی جارہی ہے، وزیر اعظم نے کہا ہے کہ زیادتی کرنے والوں کے نفس کاٹ دیں گے حالانکہ یہ ایک غیر شرعی سزاہے ہمارا مطالبہ ہے کہ صحابہ کرام کی گستاخی کرنے والوں کی زبانیں کاٹ دی جائیں تاکہ پھر کسی گستاخ کو یہ ہمت نہ ہو کوئی بھول میں نہ رہے صحابہ کے غلام زندہ ہیں ہم اپنی جانوں پر کھیل بھی ان کی حرمت وناموس کا دفاع کریں گے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موٹروے کیس کے ملزمان کو پکڑ کر قرار واقعی سزاد ی جائے۔‘‘

اس موقع پر امیر تحصیل چیچہ وطنی قاری محمدصدیق اظہر ی ، ناظم تحصیل چیچہ وطنی مولانا عبداللہ فاروقی ،امیر تحصیل ساہیوال قاری امجدفاروق عدیل ،ناظم تحصیل قاری محمدیوسف فاروقی ، حافظ عبدالجبار زاہد ، مولانا عبد الغفور ہزاروی ناظم شہر، حافظ محمدشفیق ، قاری عمرفاروق شاکر‘ قاری شکیل عاصم ،چوہدری عبدالرؤف بھٹی ، مولانا حافظ محمدعبداللہ خاں ،مرزا محمدیوسف عابد،قاری محمدشبیر انجم، قاری محمدذوالفقار مجاہد،قاری عبدالجبار قدوسی، حافظ محمدافضل طور ، ڈاکٹر شاہدا قبال ظہیر ، قاری محمدحسین ثاقب، قاری خالد محمود صدیقی ،مفتی محمدرمضان منطقی،مولانا عبداللہ سلفی ،مولانا ناصر محمود ثاقب، قاری محمدشعیب،قاری محمدشمعون ربانی ،چوہدری نوید اختر ، حافظ محمداکرم بھٹی اور قاری لیاقت اللہ عزیز بھی موجود تھے۔ سیمینار کے اختتام پر تمام شرکاء کیلئے کھانے کا وسیع انتظام کیا گیا۔

یہ پڑھیں:         انتخابی اجلاس مرکزی مجلس شوریٰ کی جھلکیاں

بعدا زاں حضرت ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ جماعت کی دینی درسگاہ جامعہ عزیزیہ پل بازار تشریف لے گئے ضلعی ناظم قاری اظہار احمد رسول نگری سے استاذ القراء بابائے قراءت حضر ت قاری محمدیحییٰ رسول نگری رحمہ اللہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا‘ جماعتی اور تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا ،اس کے بعد مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم حفظہ اللہ اپنے اگلے شیڈول کے تحت عارف والا اور بہاولنگر کے لئے روانہ ہوگئے پھر اگلے دن دوبارہ ساہیوال تشر یف لائے سنابل ایجوکیشنل کمپلیکس داد فتیانہ میں امیر ضلع الحاج حافظ محمدظفراللہ خاں کے بڑے بھائی پروفیسر حافظ ثنا ء اللہ خاں اور امیر ضلع کی صاحبزادی کی وفات پر اظہار تعزیت کیا اگرچہ اس سے پہلے ناظم اعلیٰ صاحب‘ حافظ محمدظفراللہ صاحب سے لاہور میں اور ساہیوال سیمینار میں ملاقات کر چکے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے اظہار تعزیت کیلئے ان کے ہاں سنابل ایجوکیشنل کمپلیکس داد فتیانہ میں تشریف لے جانا ضروری جانا۔ اس موقع پر ملک محمدسلیمان منگلہ ،امیر ضلع کے صاحبزادے مولانا حافظ محمدعبداللہ خاں بھی موجود تھے ۔مرکزی ناظم اعلیٰ اور صوبائی قائدین کا یہ تنظیمی دورہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور ذمہ داران وکارکنان کو ایک نیا ولولہ ملا اللہ تعالیٰ ہماری قیادت کی حفاظت فرمائے اور جماعت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے آمین۔


ضروری اطلاع


بیرون ملک جامعات میں داخلہ کے خواھشمند طلبہ کے حصول تزکیہ کیلئے ضروری گذارشات


No comments:

Post a Comment

Pages